پاکستان میں جشن آزادی اور احتجاج ایک ساتھ
پاکستان میں چودہ اگست کو اڑسٹھ واں یومِ آزادی منایا گیا۔ اس حوالے سے حکومتی اور نجی سطح پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ لیکن جشن آزادی کے ساتھ ساتھ احتجاجی رنگ بھی ہر طرف چھائے رہے۔
تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے حکومت مخالف احتجاجی لانگ مارچ دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے سے قبل شہر کو ایک حفاظتی قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
حکومت کی عمران خان اور طاہر القادری کو اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ تک آنے کی اجازت دینے کی اطلاعات کے باوجود سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی نرمی دکھائی نہیں دیتی۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب یوم آزادی کے دن اتنے بڑے ہیمانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف پاکستان اور عوامی تحریک کا حکومت مخالف لانگ مارچ دارالحکومت اسلام آباد کی طرف روانہ ہو گیا ہے۔ دونوں جماعتوں کی طرف سے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی عمران خان کے آزادی مارچ اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے انقلاب مارچ میں شریک قافلے جمعرات کو دن ڈھلنے کے بعد بھی لاہور شہر سے باہر نہیں نکل سکے ہیں۔
پاکستانی حکومت کی طرف سے قبل ازیں کہا گیا تھا طاہر القادری کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم پنجاب پولیس کے سربراہ انسپکٹر جنرل مشتاق سکھیرا نے اب کہا ہے کہ قادری کے انقلاب مارچ کو اسلام آباد جانے دیا جائے گا۔
لاہور ہائی کورٹ نے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری کے مطالبات غیر آئینی ہیں۔ دوسری جانب ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لانگ مارچ کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے اور ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں آج 68 (اڑسٹھ واں) یوم آزادی بھی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
جشن آزادی کے سلسلے میں آج ملک بھر میں مختلف رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
سرکاری سطح پر بھی تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔ تصویر میں کراچی میں ہونے والی ایک تقریب کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
آج یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر خطوں میں بسنے والے پاکستانی بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کر رہے ہیں۔
ملی نغموں اور ترانوں کے علاوہ یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
حکومت کی طرف سے سرکاری عمارتوں پر چراغاں کے علاوہ شہروں کی بھی تزئین و آرائش کا اہتمام کی گیا تھا۔