لندن کا ہیتھرو ایئرپورٹ آتش زدگی کے سبب پورے دن کے لیے بند
21 مارچ 2025برطانوی دارالحکومت لندن کا ہیتھرو ایئر پورٹ یورپ کا مصروف ترین ہوائی اڈہ مانا جاتا ہے۔ جمعرات کی رات مغربی لندن میں ایک پاور سب سٹیشن میں آگ لگ گئی۔ آگ کا دھواں صبح تک دکھائی دے رہا تھا۔ جمعے کو پورے دن کے لیے ہیتھرو ایئر پورٹ پر تمام پروازوں کی آمد و رفت، بشمول امریکہ کے کئی شہروں کے لیے پروازوں کے، منسوخ کر دی گئی۔ فلائٹ ٹریکنگ سروس 'فلائٹ ریڈار 24‘ کے مطابق کم از کم ایک ہزار تین سو پچاس پروازیں متاثر ہوئیں۔
تیس جون ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے ایک تاریخی دن کیسے رہا؟
لندن فائر بریگیڈ )ایل ایف بی( کا کہنا ہے کہ ہیتھرو ایئر پورٹ پر الیکٹریکل سب اسٹیشن کی آگ اب کنٹرول میں ہے۔ آگ کی وجہ سے بجلی کی بڑے پیمانے پر بندش سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔ بجلی کی بندش نے گھروں، مقامی کاروبار اور ہزاروں پروازوں میں خلل ڈالا۔
ایل ایف بی کے اسسٹنٹ کمشنر پیٹ گولبورن کے مطابق صبح آٹھ بجے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا،''یہ ایک بہت ہی بڑا واقعہ تھا اور ہمارے فائر فائٹرز نے مشکل حالات میں انتھک محنت کی تاکہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے، آگ پر قابو پا لیا جائے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ''ان کوششوں اور متعدد ایجنسیوں کے ایک مربوط ایکشن سے آگ پر قابو پایا جا سکا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔‘‘اسسٹنٹ کمشنر پیٹ گولبورن نے تمام ایجنسیوں کے کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ہیتھرو: پی آئی اے کے جہاز کی تلاشی، عملہ حراست میں
دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک
ہیتھرو بین الاقوامی پروازوں کے لیے دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ اس سال جنوری کا مہنیہ اس کے لیے مصروف ترین جنوری کے طور پر ریکارڈ کیا گیا تھا، جس دوران 6.3 ملین سے زیادہ مسافروں کی آمد و رفت ہوئی، جو گزشتہ سال اسی مہینے کے دوران مسافروں کی مجموعی تعداد سے پانچ فیصد زیادہ تھی۔
گزشتہ برس جنوری بھی لگاتار گیارہواں مہینہ تھا جس میں مسافروں کی روزانہ اوسط تعداد 200,000 سے زیادہ رہی تھی۔ ان میں ٹرانس اٹلانٹک سفر کرنے والوں کا کلیدی کردار رہا تھا۔
دنیا کا مصروف ترین ایئر پورٹ: دبئی انٹرنیشنل
پروازوں کا رخ دیگر یورپی ہوائی اڈوں کی طرف
پاور سب اسٹیشن میں آتشزدگی کے بعد ہیتھرو ایئر پورٹ کو جمعے کی رات 11:59 بجے تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ رات کے وقت پروازوں پر پابندی کی وجہ سے ہیتھرو ایئر پورٹ پر فلائٹس کی آمد و رفت کا سلسلہ صبح چھ بجے سے شروع ہوتا ہے۔
ہیتھرو ایئر پورٹ بند ہوتے ہی پروازیں موڑنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ یونائیٹڈ ائیرلائن کی سات پروازیں اپنے اصل مقام پر واپس آگئیں، یا دیگر ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دی گئیں اور جمعے کو دوسرے ہوائی اڈوں سے ہیتھرو آنے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
FlightAware نامی ویب سائٹ نے مزید منسوخیاں دکھائی ہیں، جن میں امریکہ سے آنے والی دو مسافر پروازیں، ایک نیو یارک کے جے ایف کینیڈی ایئر پورٹ سے آنے والی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز اور ایک امیریکن ایئر لائنز کی پرواز شامل ہیں۔ اس فلائٹ ٹریکنگ سروس نے نشاندہی کی ہے کہ دیگر پروازوں کو لندن کے باہر قائم گیٹوِک ایئر پورٹ، پیرس کے شارل ڈیگال ہوائی اڈے اور آئرلینڈ میں شینن ایئر پورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
جرمنی: ایئرپورٹ عملے کی ہڑتال، پروازیں منسوخ
برطانیہ کا ریلوے نظام بھی متاثر
برطانیہ کی نیشنل ریلوے سروس نے ہیتھرو ہوائی اڈے تک آنے جانے والی تمام ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔ آگ نے ہیتھرو کے علاوہ ہزاروں گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع کر دی۔ بجلی کے جلتے ہوئے ٹرانسفارمرز سے اٹھنے والے آگ کے شعلے آسمان کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے تھے۔
سکاٹش اور سدرن الیکٹریسٹی نیٹ ورکس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ''بجلی کی بندش سے 16,300 سے زائد گھر متاثر ہوئے۔ تقریباً 150 افراد کا انخلا عمل میں لایا گیا اور آگ لگنے کی وجہ کا تعین ہنوز باقی ہے۔‘‘
ک م/ م م (اے پی، اے ایف پی)