يوئيفا يورو کپ، انتظار کی گھڑياں ختم
8 جون 2012آج پولينڈ کے دارالحکومت وارسا کے نيشنل اسٹيڈيم ميں شريک ميزبان پولينڈ اور يونان کی ٹيموں کے مابين يوئيفا يورو 2012 فٹبال چيمپئن شپ کا پہلا ميچ کھيلا جا رہا ہے۔ ميچ سے پہلے ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقريب منعقد ہوگی جس ميں کھيلوں اور ميزبان ملک کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے رنگا رنگ مظاہرے پيش کيے جائيں گے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز گروپ اے کے دو ميچ کھيلے جائيں گے۔ پولينڈ اور يونان کے ميچ کے بعد دوسرا ميچ مغربی پولينڈ کے شہر ورکلو ميں روس اور جمہوريہ چيک کے درميان ہوگا۔
کئی مبصرين کی جانب سے ٹورنامنٹ کے ليے فيورٹ قرار دی جانے والی جرمن ٹيم يوئيفا يورو 2012 فٹبال چيمپئن شپ کا اپنا پہلا ميچ ہفتے کو پرتگال کے خلاف کھيلے گی۔ تين مرتبہ يورپی چيمپئن شپ جيتنے والی جرمن ٹيم کو اس ميچ کے ليے تمام نماياں کھلاڑيوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔ جرمن قومی ٹيم کے کپتان فلپ لام کا کہنا ہے کہ ان کی ٹيم ميں صلاحيت کی کمی نہيں ہے، بس کھلاڑیوں کو ميدان ميں يہ دکھانا ہے کہ وہ کيا کچھ کر سکتے ہيں۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ايف پی کی جاری کردہ ايک رپورٹ کے مطابق نيدرلينڈ کی فٹبال ٹيم کے کپتان مارک وان بومل کا کہنا ہے کہ پولينڈ کے جنوبی شہر کراکو ميں پريکٹس کے دوران چند شائقين کی جانب سے ان کی ٹيم کو نسل پرستی کا شکار بنايا گيا۔ اس سلسلے ميں ’ڈی ٹيلي گراف‘ نامی مقامی اخبار ميں رپورٹ شائع ہوئی جس کے بارے ميں متضاد بيانات سامنے آ رہے ہيں۔ واضح رہے کہ پولينڈ اور يوکرائن ميں منعقدہ اس ٹورنامنٹ ميں نسل پرستی سے متعلق چند خدشات سامنے آئے تھے ليکن ميزبان ملکوں کی جانب سے يہ يقين دہانی کروائی دی گئی تھی کہ شائقين کی جانب سے نسل پرستی سے متعلق واقعات سامنے نہيں آئیں گے۔
يوئيفا يورو 2012 فٹبال چيمپئن شپ ميں آج آٹھ جون سے لے کر يکم جولائی کے درميان مجموعی طور پر اکتيس ميچ کھيلے جائيں گے۔ ٹورنامنٹ ميں يورپ کی سولہ بہترين ٹيميں يوکرائن اور پولينڈ کے آٹھ ميدانوں ميں ميچز کھيليں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل يکم جولائی کو يوکرائن کے دارالحکومت کييف ميں کھيلا جائے گا جو اس بات کا فيصلہ کرے گا کہ اگلے چار سال کے ليے يورپی فٹبال کا تاج کس ملک کی ٹيم کے سر سجتا ہے۔
as/aba/AFP, AP