ویسٹ انڈیز کے خلاف وَن ڈے سیریز میں پاکستان کی برتری
22 جولائی 2013دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ اتوار کو سینٹ لوسیا میں ہوا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 261 رنز بنائے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بارش کی وجہ سے ڈک ورتھ لوئس طریقے کے تحت پاکستان کو 31 اووز میں جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستانی ٹیم چار وکٹوں کے نقصان پر تیس اوورز میں ہی ہدف تک پہنچ گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ سب سے زیادہ اسکور (59 رنز)کرنے والے کھلاڑی رہے۔ انہوں نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے۔
مصباح الحق نے 43 گیندوں میں 53 رنز بنائے۔ انہوں نے تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس سیریز میں مصباح الحق کی یہ تیسری ہاف سینچری تھی۔ میچ کے بعد ان کا کہنا تھا: ’’میں بہت خوش ہوں۔ ہم پِچ کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے تھے لیکن بارش جلدی ہی ہو گئی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’یہ کسی ٹی ٹوئنٹی میچ کی مانند مقابلہ تھا۔ حفیظ اور میں نارمل شاٹ لگانا چاہتے تھے۔ معاملہ یہ تھا کہ گبھراہٹ میں آگے نہ بڑھا جائے۔ ٹیم کو آج کی کارکردگی سے فائدہ ہو گا۔‘‘
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق مرکزی بولروں کی جانب سے بارش سے قبل پانچ اوورز کروانے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈوین براوو کو خود پر ہی انحصار کرنا پڑا۔ تیسویں اوور میں اکمل نے انہیں تین لگاتار چوکے لگائے۔ براوو کی بولنگ ویسٹ انڈیز کو مہنگی پڑی۔ انہوں نے چھ اوورز میں 49 رنز دیے اور صرف ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے مارلون سیموئیلز نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 106رنز بناتے ہوئے ناقابلِ شکست رہے۔ وہ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر تھے۔ بعدازاں ان کا کہنا تھا: ’’ویسٹ انڈیز کی کرکٹ کا معیار ابھی بلند ہیں لہٰذا ہم چاہتے ہیں کہ شائقین ہمارا ساتھ دیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’میں بلند معیار مقرر کرتا ہوں اور میں ابھی تک اچھی حالت میں ہوں۔ اگر آپ میرے کیریئر پر نظر ڈالیں تو میں تسلسل سے کبھی ناکام نہیں رہا۔ ہمارے کوچ کھلاڑیوں سے یہ کہتے رہے کہ ہمیں ایک دوسرے کو موقع دینا چاہیے۔ میرے اندر کوئی آگ جل رہی ہے اور مجھے اس کو بجھانا ہو گا۔‘‘
جمعے کو سیریز کا تیسرا میچ برابر رہا تھا۔ آخری میچ بدھ کو کھیلا جائے گا۔