ومبلڈن: خواتین فائنل آج، مردوں کا فائنل میچ کل اتوار کے روز
6 جولائی 2013لندن کے نواح میں ومبلڈن ٹینس کمپلیکس میں ہفتے کے روز مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دو سیمی فائنل کھیلے گئے۔ پہلا سیمی فائنل سربیا کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور ارجنٹائن کے ژوان مارٹن ڈیل پوٹرو کے درمیان کھیلا گیا۔ اس انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے نوواک جوکووچ نے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے سیمی فائنل میں اسکاٹ لینڈ کے اینڈی مرے کا سامنا پولینڈ کے طویل القامت ٹینس اسٹار ژرزی ژانووچ (Jerzy Janowicz) کے درمیان تھا اور اس میں اینڈی مرے کو فتح نصیب ہوئی۔
نوواک جوکووچ اور ژوان مارٹن ڈیل پوٹرو کے درمیان ومبلڈن کی تاریخ کا سب سے طویل سیمی فائنل میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ چار گھنٹے اور 43 منٹ تک جاری رہا۔ میچ ختم ہونے پر جوکووچ اور ڈیل پوٹرو پسینے میں پوری طرح شرابور تھے۔ جوکووچ ومبلڈن کو سن 2011 میں جیت چکے ہیں اور میچ کے بعد ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے بہترین میچوں میں سے ایک ہے۔ جوکووچ کا مزید کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت رہے کہ جیت گئے وگرنہ سیمی فائنل مقابلہ انتہائی سنسنی خیز اور شاندار تھا۔ ڈیل پوٹرو میچ ہارنے پر افسردہ دکھائی دیا۔ پانچ سیٹس کے میچ میں تین جوکووچ نے جیتے اور دو ڈیل پوٹرو کے نام رہے۔
دوسرا سیمی فائنل اینڈی مرے اور ژرزی ژانووچ کے درمیان تھا۔ پولینڈ کے نوجوان بائیس برس کے ٹینس کھلاڑی کا قد چھ فٹ اور آٹھ انچ ہے۔ وہ اپنی زور دار سروس کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتے ہیں اور اس باعث وہ سیمی فائنل میچ کا پہلا سیٹ جیتنے میں کامیاب رہے۔ پہلا سیٹ ہارنے کے بعد اینڈی مرے نے گیم میں اپنے قدم جمائے اور اگلے تین سیٹ جیت کر فائنل میچ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اینڈی مرے اور نوواک جوکووچ کے درمیان مردوں کی چیمپیئن شپ کا فائنل میچ اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔ دونوں کے درمیان گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کا یہ چوتھا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ اب تک عالمی نمبر ایک جوکووچ نے اینڈی مرے کو دو مرتبہ شکست دی اور یو ایس اوپن میں وہ مرے سے ہار گئے تھے۔ اس مناسبت سے توقع کی جا رہی ہے کہ اتوار کا فائنل میچ انتہائی کانٹے دار ہو گا۔ کسی بھی برطانوی کھلاڑی نے آخری بار ومبلڈن کو سن 1936 میں جیتا تھا اور وہ کھلاڑی فریڈ پیری تھا۔ اینڈی مرے نے مسلسل پانچویں مرتبہ ومبلڈن کا سیمی فائنل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
آج ہفتے کے روز ومبلڈن میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں چیمپیئن شپ ایک نئی خاتون کھلاڑی کو حاصل ہو گی۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کا فائنل میچ جرمن کھلاڑی زابینے لیزیکی اور فرانس کی ماریوں بارٹولی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ومبلڈن کا فائنل کھیلنے کے دوران جرمن کھلاڑی نے عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز کو شکست دی تھی اور اس کو گزشتہ ایک دہائی کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا گیا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جس زوردار طریقے سے لیزیکی کھیل رہی ہیں، اس باعث وہ ومبلڈن کے فائنل میچ میں ٹرافی اٹھا سکتی ہیں۔ آخری بار کوئی جرمن خاتون سن 1999 میں ومبلڈن کا فائنل میچ کھیلنے کے لیے ٹینس کورٹ میں اتری تھیں اور وہ ریکارڈ ساز جرمن ٹینس اسٹار اسٹیفی گراف تھیں۔