ومبلڈن: جرمن کھلاڑی لیزیکی فائنل میں
5 جولائی 2013آخری مرتبہ اشٹیفی گراف وہ جرمن خاتون ٹینس اسٹار تھیں، جنہوں نے کسی گرینڈ سلیم تک رسائی حاصل کی تھی۔ گراف نے سات مرتبہ ومبلڈن جیتا تھا اور ان کا شمار ٹینس کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ زابینے لیزیکی کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل سے قبل گراف نے ان کو حوصلہ افزاء ایس ایم ایس پیغامات بھیجے جو ان کے پرجوش مقابلے اور بالآخر فتح کی وجہ بنے۔
ہفتے کے روز لیزیکی فرانس کی ماریون بارٹولی کے خلاف ومبلڈن کا فائنل کھیلیں گی۔ یہ پینتالیس برسوں میں دوسری مرتبہ ہوگا کہ دو خواتین جو کہ پہلی بار کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں، گرینڈ سلیم کا ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔
ایک سنسنی خیز مقابلہ
جمعرات کے روز کھیلا گیا یہ سیمی فائنل بارٹولی اور بیلجیم کی کیرسٹین فلپکینس کے درمیان کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل کے مقابلے میں زیادہ دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوا۔ بارٹولی نے فلپکینس کو با آسانی چھ دو، چھ دو سے شکست دی۔ اس کے مقابلے میں لیزیکی کو اپنا میچ جیتنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑی، اور ایک وقت ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ یہ میچ ہار بھی سکتی ہیں۔ لیزیکی نے رادوانسکا کو چھ چار، دو چھ، اور نو سات سے مات دی۔
پہلا سیٹ لیزیکی نے نسبتاً آسانی سے جیت لیا۔ پہلے سیٹ میں ان کا کھیل خاصا شان دار دکھائی دیا، تاہم دوسرے سیٹ میں انہوں نے پے در پے غلطیاں کیں اور یوں ان کی حریف کو فائدہ اٹھانے کا موقع مل گیا۔ دوسرا سیٹ رادوانسکا کے نام رہا۔ تیسرے سیٹ کی ابتدا میں وادوانسکا لیزیکی پر دباؤ قائم رکھنے میں کامیاب رہیں اور انہوں نے ابتدائی گیمز میں برتری حاصل کرلی۔ لیزیکی نے اس موقع پر ہمت ہارنے کے بجائے اپنے کھیل میں بہتری لانا شروع کی اور ایک طویل سیٹ کھیل کر رادوانسکا کو شکست دی۔
تیّقن اور جوش
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق میچ جیتنے کے بعد لیزیکی کا صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا: ’’میں نے پوری دل جمعی کے ساتھ مقابلہ کیا۔ مجھے یقین تھا کہ یہ میچ میں جیت سکتی ہوں چاہے اسکور کچھ بھی ہو۔‘‘
لیزیکی کو ومبلڈن جیتنے کے لیے ’’پسندیدہ‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے چوتھے راؤنڈ میں دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز کو ہرا کر سبھی کو ششدر کر دیا تھا۔ ایک عرصے کے بعد کسی جرمن ٹینس کھلاڑی کو یہ اونچائی نصیب ہوئی ہے۔