ورلڈ کپ: جرمنی اور گھانا کا میچ برابر
22 جون 2014جنوبی امريکی ملک برازيل ميں جاری فٹ بال ورلڈ کپ ميں اکيس جون کی شام گھانا اور جرمنی کے ميچ کے پہلے ہاف ميں دونوں ٹيميں گول کرنے سے قاصر رہيں۔ تاہم دوسرے ہاف ميں دونوں ہی ٹيموں نے جارحانہ کھيل پيش کيا اور جرمنی کے فارورڈ کھلاڑی ماريو گوئٹسے نے اکاون ويں منٹ ميں گول کر کے اپنی ٹيم کو برتری دلا دی۔ ليکن صرف تين ہی منٹ بعد گھانا کے Andre Ayew نے جوابی گول کر کے ميچ برابر کر ديا۔ ميچ کے تريسٹھ ويں منٹ ميںAsamoah Gyan نے گھانا کے ليے دوسرا گول کر ديا اور يوں اس افريقی ٹيم نے جرمن ٹيم کے خلاف ايک گول کی برتری حاصل کر لی۔ بعد ازاں جرمنی کے ليے متبادل کھلاڑی کے طور پر ميدان ميں اترنے والے ميروسلاو کلوزے نے اکہتر ويں منٹ ميں گول کرتے ہوئے اسکور دو دو کر دیا اور میچ ایک بار پھر برابر ہو گیا۔ اس کے بعد کوئی بھی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔
چھتيس سالہ ميروسلاو کلوزے کا گول نہ صرف جرمن ٹيم کے ليے انتہائی اہم ثابت ہوا بلکہ اس گول کے ذريعے انہوں نے برزايل کے نامور سابق کھلاڑی رونالڈو کا ورلڈ کپ ميچوں ميں پندرہ گول کرنے کا عالمی ريکارڈ بھی برابر کر ديا۔
گروپ جی ميں اب جرمنی کی ٹيم دو ميچ کھيل کر چار پوائنٹس حاصل کر چکی ہے اور سر فہرست ہے۔ جرمنی نے اپنے پہلے ميچ ميں پرتگال کو چار صفر سے مات دی تھی۔ دوسری جانب گھانا کی ٹيم اب تک دو ميچ کھيل چکی ہے، جن ميں وہ صرف ايک ہی پوائنٹ حاصل کر پائی ہے۔ گروپ جی کی ديگر دو ٹيموں امريکا اور پرتگال کے مابين ميچ آج بائيس جون اتوار کو کھيلا جائے گا۔
دريں اثناء ہفتے کو کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں ارجنٹائن نے ايران کو ايک صفر سے ہرا ديا، جس کے نتيجے ميں جنوبی امريکی ٹيم ارجنٹائن نے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ اگرچہ گروپ ايف کے اس ميچ پر ارجنٹائن کی ٹيم چھائی رہی اور ايرانی کھلاڑيوں کو زيادہ تر دفاعی کھیل کھیلنا پڑا تاہم نوے منٹ تک کوئی بھی ٹيم گول کرنے ميں کامیاب نہ ہوئی۔ ميچ کے 91 ويں منٹ ميں بالآخر عالمی شہرت يافتہ کھلاڑی ليونل ميسی نے اپنا جادو چلا ہی ديا اور اس مقابلے کا واحد اور فيصلہ کن گول کرتے ہوئے اپنی ٹيم کی جيت کو يقينی بنا ديا۔ ارجنٹائن کی ٹیم گروپ اسٹيج کے اپنے دونوں ميچوں ميں کاميابی حاصل کرتے ہوئے اب تک چھ پوائنٹس حاصل کر چکی ہے۔
ہفتے کے روز تیسرا ميچ نائجيريا اور بوسنيا کے درميان کھیلا گیا، جو نائجيريا نے صفر کے مقابلے ميں ايک گول سے جيت ليا۔