ورلڈ کپ: برازيل، چلی، ميکسيکو اور ہالينڈ ناک آؤٹ مرحلے ميں
24 جون 2014ميزبان ملک کی ٹيم برازيل اور کيمرون کے مابين ميچ برازيليا ميں کھيلا گيا، جو برازيل نے ايک کے مقابلے ميں چار گول سے جيت ليا۔ جنوبی امريکی ٹيم کے ليے پہلا گول کھيل کے 17 ويں منٹ ميں معروف اور خطرناک فارورڈ کھلاڑی نيمار نے اسکور کيا۔ بعد ازاں چھبيس ويں منٹ ميں کيمرون کے ليے جوئل ماتپ نے گول کرتے ہوئے ميزبان ملک کے تماشائيوں کے دل توڑ ديے۔ ليکن چونتيس ويں منٹ ميں نيمار نے برازيل کے ليے دوسرا گول کر کے اپنی ٹيم کو ايک گول کی برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف ميں فريڈ نے تيسرا اور پھر کھيل کے چوراسی ويں منٹ ميں فرنينڈينيو نے چوتھا گول کر کے برازيل کی کاميابی کو يقينی بنا ديا۔
گروپ اے کے اس ميچ ميں کاميابی کے نتيجے ميں برازيل کے پوائنٹس کی تعداد سات ہو گئی ہے اور وہ اب گروپ ميں سر فہرست ہے۔ برازيل نے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے، جس ميں اس کا مقابلہ چلی سے ہوگا۔
پير ہی کے دن گروپ اے کی ديگر دو ٹيموں ميکسيکو اور کروشيا کے مابين بھی ميچ کھيلا گيا، جس ميں ميکسيکو نے ايک کے مقابلے ميں تين گول سے کاميابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا جبکہ کروشيا کی ٹيم ٹورنامنٹ سے خارج ہو گئی۔ ميکسيکو کے ليے ان کے کپتان رافائل مارکوئز، آندريس گوارڈاڈو اور خاوير ہينڈيريس نے گول اسکور کيے۔
گروپ بی کی ٹيموں ہالينڈ اور چلی کے درميان ميچ کا فيصلہ دو صفر سے ہالينڈ کے حق ميں رہا۔ يورپی ٹيم ہالينڈ کے ليے ليروئے فر اور ممفس ڈيپے نے گول اسکور کيے۔ ہالينڈ کی ٹيم نے اپنے تينوں گروپ ميچ جيت کر کُل نو پوائنٹس حاصل کيے اور وہ اپنے گروپ ميں سرفہرست ہے اور اگلے مرحلے کے ليے بھی کواليفائی کر چکی ہے۔ اس ميچ کے نتيجے سے قطع نظر يہ دونوں ہی ٹيميں اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر چکی تھيں۔ ناک آؤٹ راؤنڈ ميں چلی کا مقابلہ برازيل سے ہے جبکہ ہالينڈ گروپ اے ميں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹيم کے خلاف ميدان ميں اترے گا۔
تيئس جون کو دفاعی چيمپئن اسپين اور آسٹريليا کے درميان بھی ميچ کھيلا گيا، جو اسپين نے تين صفر سے جيت ليا۔ اسپين کے ليے ڈيوڈ ولا، فرنينڈو ٹوريس اور يوآن ماٹا نے گول اسکور کيے۔ يہ امر اہم ہے کہ گروپ بی کی ٹيم اسپين پہلے ہی اس ٹورنامنٹ سے خارج ہو چکی ہے۔