وائٹ ہاؤس کے باہر مسلح شخص پر امریکی سیکرٹ سروس کی فائرنگ
9 مارچ 2025امریکی سیکرٹ سروس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اتوار کو علی الصبح وائٹ ہاؤس کے باہر ایک مسلح شخص کو اس کی جانب سے گولی ماری گئی اور اب وہ ہسپتال میں ہے۔
جس وقت یہ واقعہ پیش آیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں نہیں تھے اور ویک اینڈ گزارنے کے لیے فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ گئے ہوئے تھے۔
سیکرٹ سروس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ادارے کے اہلکاروں کو ہفتے کے روز مقامی حکام کی جانب سے مطلعہ گیا تھا کہ ایک شخص خودکشی کے ارادے سے ممکنہ طور پر امریکی ریاست انڈیانا سے واشنگٹن سفر کر رہا تھا اور اس کی گاڑی وائٹ ہاؤس سے کچھ فاصلے پر پائی گئی ہے۔
پھر آدھی رات کے بعد وائٹ ہاؤس کے باہر جب سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص کی طرف پیش قدمی کی تو اس نے ان کی طرف اپنا ہتھیار لہرایا، جس کے بعد اس پر جوابی فائرنگ کی گئی۔
سیکرٹ سروس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم اس کی حالت کے حوالے سے تفصیلات کا پتا نہیں چلا ہے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس واقعے میں سیکرٹ سروس کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
دوسری جانب واشنگٹن پولیس نے بس اتنا بتایا اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
م ا / ر ب (روئٹرز)