موناکو گراں پری: موجودہ سیزن میں روزبرگ کی پہلی فتح
27 مئی 2013يہ ان کی ذاتی اور مرسیڈيز ٹيم کی فارمولا ون کے رواں سيزن ميں پہلی کاميابی ہے۔ مرسیڈيز ٹیم کے ڈرائيور نيکو روزبرگ نے اس دوڑ ميں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اپنی ٹيم کی کارکردگی کو ان الفاظ میں سراہا، ’’آج ٹيم نے مجھے ايک بہترين کار دی اور يہ بات قابل ديد ہے کہ ہم ميں کچھ ہی عرصے ميں اتنی بہتری آ گئی ہے۔‘‘ ستائيس سالہ روزبرگ نے اپنی ٹيم کا شکريہ ادا کرتے ہوئے مزيد کہا کہ ان کی ٹيم دو ہفتے قبل ہونے والی ہسپانوی گراں پری کے بعد سے اپنی کارکردگی میں نماياں بہتری کا مظاہرہ کرنے ميں کامياب رہی۔
اس کاميابی کی بدولت نيکو روزبرگ کے کل پوائنٹس کی تعداد 47 ہو گئی ہے اور وہ ورلڈ ڈرائيورز چیمپئن شپ کے لیے رينکنگ ميں چھٹی پوزيشن پر آ گئے ہيں۔ يہ نيکو روزبرگ کے فارمولا ون کيريئر کی دوسری کاميابی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ برس چين ميں ہونے والی گراں پری جیتی تھی۔
گزشتہ تين سالوں سے لگاتار عالمی چيمپئن بننے والے ريڈ بُل ٹيم کے جرمن ڈرائيور سباستيان فيٹل موناکو گراں پری ميں دوسرے جبکہ انہی کی ريڈ بُل ٹيم کے ساتھی ڈرائيور مارک ويبر تيسرے نمبر پر رہے۔ اس ريس ميں مرسیڈيز ٹیم کے برطانوی ڈرائيور لوئس ہيملٹن چوتھی پوزيشن حاصل کرنے ميں کامياب رہے۔
موناکو سرکٹ پر ہونے والی يہ گراں پری ريس کئی قابل ذکر واقعات سے بھرپور رہی۔ ريس کے دوران متعدد کاريں ايک دوسرے سے ٹکرائيں، جس کے نتيجے ميں لال جھنڈا لہرا کر ريس کو متعدد مرتبہ روکنا پڑا۔ اس کے علاوہ وليمز ٹيم کے ڈرائيور پيسٹر ميلڈوناڈا کی گاڑی کے سرکٹ کے ساتھ ساتھ بنائی گئی حفاظتی دیوار سے ٹکرانے کے باعث بھی اس ريس کو قريب 25 منٹ کے لیے روکنا پڑ گیا۔
اتوار کی سہ پہر منعقدہ موناکو گراں پری کے بعد اب فارمولا ون ڈرائیورز رينکنگ ميں ريڈ بُل ٹیم کے جرمن ڈرائيور اور موجودہ عالمی چیمپئن سباستيان فيٹل اپنے 107 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہيں جبکہ دوسری پوزيشن پر لوٹس ٹیم کے فن لينڈ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کيمی رائيکونن ہيں، جن کے 86 پوائنٹس ہيں۔
فيراری ٹیم کے ہسپانوی ڈرائيور فرنانڈو الانسو اپنے 78 پوائنٹس کے ساتھ اس فہرست میں اب تيسرے، مرسیڈير ٹیم کے برطانوی ڈرائيور ہیملٹن 62 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور ريڈ بُل ٹیم کے آسٹريلوی ڈرائيور مارک ويبر اپنے 57 پوائنٹس کے ساتھ پانچويں نمبر پر ہيں۔
فارمولا ون کنسٹرکٹرز چیمپئن شپ میں اس وقت ورلڈ رينکنگ میں ريڈ بُل ٹیم 164 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ فيراری ٹیم 123 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور لوٹس 112 پوائنٹس کے ساتھ تيسرے نمبر پر ہے۔
(as/mm (AP