مافيا سے جنگ آج کم خطرناک ليکن زيادہ دشوار
23 مئی 2012ہفتہ 19 مئی کوجيو وانی فالکونے کی یاد میں منائی جانے والی ایک تقريب سے کچھ ہی قبل اُن سے اور اُن کی اہليہ سے موسوم اسکول کے سامنے ايک بم دھماکہ کيا گيا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مافيا کا وجود ابھی ختم نہيں ہوا ہے۔ ليکن پچھلے 20 برسوں ميں بہت کچھ تبديل ہو چکا ہے۔
مافيا کے شکاری کہلائے جانے والے جج جيو وانی فالکونے کو قتل کرنے کے ليے سِیسلی ميں پلرمو کے ايک مضافاتی علاقے کی شاہراہ پر نکاسی ء آب کے پائپ کے اندر ايک پانچ سو کلوگرام وزنی بم چھپايا گيا تھا۔ اس کے دھماکے ميں فالکونے، اُن کی اہليہ اور تين محافظ ہلاک ہو گئے تھے۔ آخر اِطالوی مافيا کس طرح ايسا حملہ کر سکی؟ فالکونے شديد خطرات کی زد ميں تھے، اس ليے اُن کے سفری منصوبے اور راستے بالکل خفيہ رکھے جاتے تھے۔ فالکونے سينکڑوں مافيا مجرموں کو گرفتار کرا کر سزائيں دلوا چکے تھے۔ پلرمو کے ميئر ليولوکا اورلاندو خود بھی منظم جرائم کا تعاقب کر چکے ہيں۔ انہوں نے کہا: ’’فالکونے پر حملہ مافيا نے کيا تھا۔ ليکن مافيا کو رياستی نظام ميں کسی کی خفيہ مدد حاصل تھی۔ مافيا رياست کے خلاف ہے ليکن وہ رياست کے اندر بھی موجود ہے۔ وہ بينکوں کے خلاف ليکن اُن کے اندر بھی ہے۔ جج جيووانی فالکونے اور جج پاؤلو بورسيلينو کے قتل کے بعد اُس کے خلاف شہريوں کی تحريک شروع ہو گئی۔‘‘
سن 1992 ميں ان دو ججوں کے قتل نے پورے اٹلی کی بے حسی کو ختم کر ديا تھا۔ مافيا اور منظم جرائم کو پورے معاشرے کا مسئلہ قرار دے ديا گيا۔ شہريوں کے دباؤ پر رياست کو بھی قدم اٹھانا ہی پڑا۔ اُس نے پوليس کی مدد کے ليے فوج روانہ کر دی۔ جزيرہ سِیسلی پر چھ سال تک 12 ہزار فوجی تعينات رہے۔ تحقيقات بھی تيزی سے جاری رہيں۔ واردات کے ايک سال بعد مجرم کو گرفتار کر ليا گيا۔ يہ کور ليونے کا مافيا سرغنہ توتو رينا تھا۔ وکيل استغاثہ ميشيل پريستو پينو نے کہا کہ اب اقدار ميں ايک تبديلی آگئی تھی۔ اچانک اسکولوں ميں مافيا اور منظم جرائم کے بارے میں تفصيلی معلومات فراہم کی جانے لگيں۔ نوجوانوں نے يہ سيکھا کہ مافيا کے ليے يا اُس کے ساتھ کام کرنا کيا ہوتا ہے۔ کئی تاجروں اور کاروباری شخصیات نے مافيا کو بھتہ دينے سے اچانک انکار کر ديا۔
20 سال قبل مافيا کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد سیسلی کا دارالحکومت پلرمو بھی تبديل ہو چکا ہے۔ اُس زمانے کے مافيا کے چوٹی کے سرغنہ جيلوں ميں بند ہيں۔ ليکن بہت کچھ تبديل ہونے کے باوجود مافيا کا ابھی جڑسے خاتمہ نہيں ہوا ہے۔ ميئر اورلاندو کا کہنا ہے کہ اب منظم جرائم ميں ملوث افراد سوٹ اور ٹائی ميں ملبوس مالياتی دنيا ميں چھپے ہوئے ہيں۔ آج مافیا سے جنگ کم خطرناک ليکن زيادہ دشوار بن چکی ہے۔
S.Troendle/B.Hinrichs/sas/hk