لیور کوزن نے موقع کھو دیا
25 فروری 2013تئیسویں میچ ڈے کے آخری روز ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اتوار کو اس میچ ڈے کا آخری مقابلہ لیورکوزن اور گروئتھر فیورتھ کے درمیان تھا، تاہم یہ دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ صفر صفر سے برابر رہا۔
بنڈس لیگا کے تئیسویں میچ ڈے میں دوسرے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ کا سامنا دسویں نمبر کی ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ سے تھا۔ یہ میچ بلانتیجہ رہنے کا ڈروٹمنڈ کو بظاہر کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس میچ سے قبل ڈورٹمنڈ 41 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا جبکہ میچ ڈے کے اختتام پر اسی پوزیشن پر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 42 ہو گئے ہیں۔
مؤنشن گلاڈ باخ بھی اپنی دسویں پوزیشن پر ہی ہے جبکہ اس کے پوائنٹس 31 ہو گئے ہیں۔ ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے درمیان میچ کے اس نتیجے سے تیسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن کے لیے مضبوط موقع تھا کہ وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے کمزور ٹیم گروئتھر فیورتھ کو مات دیتے ہوئے ڈورٹمنڈ سے دوسری پوزیشن چھین لے۔
دوسری اور تیسری پوزیشن کی ٹیموں کے درمیان محض ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔ لیور کوزن اتوار کو میچ جیت جاتی تو 44 پوائنٹس کے ساتھ وہ یقینی طور پر اس وقت دوسرے نمبر پر ہوتی۔ تاہم گروئتھر فیورتھ کے خلاف میچ صفر صفر سے برابر رہنے کی وجہ سے لیورکوزن کے ہاتھ صرف ایک پوئنٹ لگ سکا۔ یوں ڈورٹمنڈ اور لیورکوزن اپنی اپنی پوزیشن پر ہیں اور ان کے درمیان ایک پوائنٹ کا فرق بدستور برقرار رہا ہے۔
بنڈس لیگا کے تیئسویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتے کو چھ مقابلے ہوئے تھے۔ اس روز پہلا میچ نمبر وَن ٹیم بائرن میونخ اور بریمن کے درمیان ہوا۔ بریمن کی ٹیم صرف ایک گول اسکور کر سکی۔ بائرن نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے چھ گول اسکور کیے اور بریمن کو بدترین شکست دی۔
اسی طرح ہفتے کو ہی کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں ہینوور نے ہیمبرگ کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دی۔ دیگر مقابلوں میں آؤگس برگ نے ہوفن ہائیم کو دو ایک سے شکست دی۔ شالکے نے بھی ڈسلڈورف کو دو ایک سے ہی مات دی۔
اشٹٹ گارٹ اور نیورمبرگ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ مائنز اور وولفس برگ کا مقابلہ بھی بے نتیجہ رہا۔ یہ دونوں ٹیمیں بھی ایک ایک گول ہی اسکور کر پائیں۔
تیئسویں میچ ڈے کے پہلے روز جمعے کا واحد میچ فرائی برگ اور فرینکفرٹ آئنتراخت کی ٹیموں کے درمیان ہوا۔ دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہی اور یوں یہ مقابلہ صفر صفر سے بے نتیجہ رہا۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف بلوچ