لندن اولمپکس، چین بدستور آگے
31 جولائی 2012اولمپک مقابلوں کے تیسرے روز بھی چینی ایتھلیٹس اپنے ملک کے لیے تمغوں میں اضافہ کرتے رہے۔ پیر کے روز دس میٹر اونچے پلیٹ فارم سے ہم آہنگ کودنے کے مقابلے میں چین کے ژوان کاؤ اور زانگ ینقوان نے سونے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ اس مقابلے میں نقرئی تمغہ میکسیکو اور کانسی کا تمغہ امریکا کے حصے میں آیا جبکہ خواتین کے 226 کلوگرام وزن برداری (ویٹ لفٹنگ) کے مقابلے میں چین کی Xueying Li نے اپنے ملک کے لیے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس مقابلے میں تھائی لینڈ کی Pimsiri Sirikaew دوسرے اور یوکرائن کی کلینا یولیا تیسرے نمبر پر رہیں۔ مردوں کے جمناسٹک مقابلوں میں بھی چین نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ دوسرے نمبر پر جاپان اور تیسرے پر برطانیہ رہے۔
پیر کے روز 57 کلوگرام کھلاڑیوں کی کیٹیگری کے جوڈو مقابلے میں جاپان کی کاؤری ماتوسوموتو نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کے مقابلے میں رومانیہ کی کاپریریو کورینا تھے۔
ادھر روسی کھلاڑی منصور عیسائیف نے 73 کلوگرام کھلاڑیوں کی کیٹیگری کے جوڈو مقابلے میں اپنے ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ جاپان کے ریکی ناکازا سے ہوا۔
تیراکی کے مقابلوں میں امریکی کھلاڑی آگے رہے۔ سو میٹر پشتی جھٹکوں کے پیراکی کے مقابلے میں امریکا کی 19 سالہ میسی فراکلِن نے امریکا کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 58 اعشاریہ تین سیکنڈز میں طے کیا۔ مردوں کے سو میٹر بیک اسٹروک تیراکی کے مقابلے میں امریکا کے میٹ گریور نے سونے اور نک تھومین نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
سو میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلے میں لیتھوینیا کی 15 سالہ توتا مائیلوٹیٹ نے طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے یہ فاصلہ ایک منٹ اور پانچ اعشاریہ چار سیکنڈز میں طے کیا۔ ادھر ایئر رائفل نشانہ بازی کے مقابلے میں رومانیہ کے الین مولڈوویانو نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس مقابلے میں چاندی کا تمغہ اٹلی کے نیکولو کمپریانی اور کانسی کا تمغہ بھارت کے گجن نارنگ نے حاصل کیا۔
دوسو میٹر تیراکی کے فری اسٹائل مقابلے میں فرانس کے Yannick Agnel نے مقررہ فاصلہ ایک منٹ اور 43 اعشاریہ نو سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ دوسرے نمبر پر چین کے سُن ینگ اورجنوبی کوریا کے پارک ٹائی ہوان میں مقابلہ برابر رہا جبکہ امریکی تیراک Ryan Lochte کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔
خواتین کے شمشیر زنی کے مقابلے میں یوکرائن کی یانا شیمیاکینا نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کا مقابلہ جرمنی کی بریٹا ہائیڈرمن سے تھا۔ پیر کے روز ہونے والے مقابلوں میں 62 کلوگرام کی کیٹیگری میں شمالی کوریا کے کم اُن گُک نے 327 کلوگرام وزن اٹھا کر سونے کا تمغہ جیتا۔
اس میڈلز ٹیبل پر چین اور امریکا کے بعد فرانس کا نمبر ہے۔ فرانس نے اب تک تین طلائی، ایک چاندی اور تین کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں۔ شمالی کوریا تین طلائی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ چوتھے نمبر ہے ہے۔ جبکہ جرمنی کی ٹیم اب تک صرف چاندی کا ایک تمغہ ہی جیت پائی ہے۔ میڈلز ٹیبل پر جرمنی کی پوزیشن 21 ویں ہے۔ میزبان برطانیہ دو کانسی اور ایک چاندی کے تمغے کے ساتھ 20 ویں پوزیشن پر ہے۔
at /ng (AFP, Reuters)