لانکو سپر ہاکی سیریز: پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ
25 نومبر 2012آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں چار قومی ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے بھارت کو ہرا کر تیسری پوزیشن اور کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے راشد محمود نے دو گول کیے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم اپنے ابتدائی تینوں میچ ہار گئی تھی۔
ہاکی کے معتبر ٹورنامنٹ چیمئنز ٹرافی سے چھ روز قبل پاکستان کی ہاکی ٹیم کو اپنے روایتی حریف بھارت سے شکست کا سامنا رہا۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کی تشکیل کے مرحلے سے گزرتی ٹیم کے لیے مقامی ماحول سے ہم آہنگ اور بین الاقوامی پریکٹس کے لیے اہم ہو سکتا ہے۔ پرتھ میں کھیلا جانے والا چار ملکی ٹورنامنٹ، اس لحاظ سے مختلف ہے کہ ہر ٹیم میں گیارہ کھلاڑیوں کی جگہ نو کھلاڑی شامل ہوتے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ پرتھ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
رابن راؤنڈ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے میچ میں بھارت کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس میچ میں بھارت نے پانچ اور پاکستانی ٹیم نے دو گول کیے تھے۔بھارت کے خلاف پہلے میچ میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے میچ کے دونوں حصوں میں ایک ایک گول کیا۔ پہلا گول شفقت رسول نے کیا اور دوسرا گول محمد رضوان سینئر نے کیا تھا۔
بھارتی ٹیم کو انگلینڈ اور آسٹریلوی ٹیم سے بھی ہارنا پڑا تھا۔ پاکستان کی ہاکی ٹیم بھی ابتدائی میچوں میں بہتر پرفارمنس دینے سے قاصر رہی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔ اسی طرح پاکستان کو بھی پلے آف میں جیت کر پہلی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
چار ملکی ٹورنامنٹ میں شریک دیگر دو ٹیمیں میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ ہیں۔ رابن راؤنڈ مرحلے میں آسٹریلوی ہاکی ٹیم نے انگلش ٹیم کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا تھا۔ انگلش ٹیم نے بھارتی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا تھا۔ اس طرح پاکستان کو تیسری اور بھارت کو چوتھی پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔
رواں برس ہاکی کا معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ پرتھ کا ٹورنامنٹ ایک طرح سے پاکستانی ٹیم کے لیے پریکٹس ٹورنامنٹ بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں میزبان آسٹریلیا کے علاوہ بیلجیم، انڈیا، جرمنی، ہالینڈ، نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ پہلی دسمبر سے شروع ہو گا اور اس کا فائنل نو دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ لندن اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی جرمن ٹیم پر خاص طور پر فوکس ہو گا کہ وہ ہالینڈ اور آسٹریلیا کی مضبوط ٹیموں کا مقابلہ کس انداز میں کرے گی۔
(ah / ia (PTI