فیٹل کے لیے جرمنی کا اعلیٰ ترین اعزاز
25 فروری 2012جمعے کے روز یہ اعزار چوبیس سالہ فیٹل نے قائم مقام جرمن صدر ہورسٹ زی ہوفر سے وصول کیا۔ خیال رہے کہ فیٹل دو مرتبہ فارمولا ون کار ریسنگ کے عالمی چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
جرمن ڈرائیور فیٹل نے جرمنی کے اس اعلیٰ ترین اعزار کے حصول پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’آپ جانتے ہیں کہ مجھے ٹرافیاں جمع کرنے کا شوق ہے، مگر یہ ایک ایسا اعزاز ہے جو آپ ہر برس نہیں جیتتے بلکہ یہ تو زندگی میں ایک بار ہی ملتا ہے۔‘‘
اس سے قبل یہ اعزاز جرمنی سے تعلق رکھنے والے فارمولا ون کے لیجنڈری ڈرائیور میشائل شوماخر نے حاصل کیا تھا۔
زی ہوفر نے فیٹل کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’آپ نے ثابت کیا ہے کہ آپ کا کردار مضبوط ہے۔ تمام تر کامیابیوں کے باوجود آپ میں انکسار موجود ہے۔‘‘
ریڈ بل ٹیم سے تعلق رکھنے والے فیٹل سن دو ہزار دس میں فارمولا ون کے کم عمر ترین چیمپیئن بنے تھے۔
فیٹل بارسلونا کی ریس میں شرکت سے قبل ایک ٹریننگ سیشن کے لیے برلن آئے ہوئے ہیں۔ سن دو ہزار بارہ کا سیزن اٹھارہ مارچ سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ فیٹل کی کوشش ہوگی کہ وہ سن دو ہزار بارہ کے عالمی چیمپیئن بن کر لگاتار تین ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ قائم کر پائیں۔ اس سے قبل ایسا صرف جوآن مانیوئل فینگیو اور شوماخر ہی کر پائے تھے۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عدنان اسحاق