فیٹل نے جرمن گراں پری جیت لی
7 جولائی 2013جرمن گراں پری کے لیے ڈرائیورز اتوار کو نوربرگ رنگ کے ٹریک پر اترے۔ فن لینڈ کے رکی رائیکونین دوسرے نمبر پر رہے جبکہ فرانس کے رومین کروسیاں تیسرے نمبر پر رہے۔
حالانکہ مرسیڈیز ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لیوس ہملٹن نے پول پوزیشن سے مقابلے کا آغاز کیا تاہم ٹرپل ورلڈ چیمپیئن جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل ہوم ٹریک پر جیت کے لیے پہلے سے ہی پرعزم تھے۔
جرمن گراں پری نوربرگ کے ٹریک پر ہوئی جس کی وجہ شہرت اس کا 21 کلومیٹر طویل نارڈ شلائیفے سرکٹ ہے۔
مرسڈیز کے لیوس ہملٹن نے ہفتے کو پول پوزیشن حاصل کر لی تھی۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق 1954ء کے بعد مرسڈیز کو جرمن گراں پری میں پہلی مرتبہ پول پوزیشن ملی ہے۔ ہفتے کو پول پوزیشن کے حصول میں کامیابی کے بعد ہملٹن کا کہنا تھا کہ ابتدا میں وہ اپنی کار سے بالکل مطمئن نہیں تھے۔
ہملٹن کی پول پوزیشن میں کامیابی نے فیٹل کا حوصلہ نہیں توڑا تھا۔ انہوں نے ہفتے کو ایک نیوزکانفرنس سے خطاب میں کہا تھا: ’’ہمیں 60 چکر لگانے ہوں گے، یہ طویل گراں پری ہے، یہاں بہت کچھ ہو سکتا ہے لہٰذا میرا نہیں خیال کہ اس ریس کا نتجہ آسانی سے طے کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں حقیقی طور پر پہلے تو خود پر دھیان دے رہا ہوں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’’میرا خیال ہے کہ عام طور پر ریس جیتنے کے لیے آپ کو پول پوزیشن سے آغاز کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ میں سمجھتا ہوں کہ دیگر پوزیشنوں سے شروع کر کے بھی ہم اچھے نتائج پر پہنچے ہیں۔‘‘
فیٹل گزشتہ ماہ کینیڈین گراں پری میں بھی کامیاب رہے تھے، جو کینیڈا میں ان کی پہلی فتح تھی۔ اتوار کی ریس کے برعکس کینیڈین گراں پری انہوں نے پول پوزیشن سے شروع کی تھی۔ اس ریس میں لیوس ہملٹن تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
رواں سیزن میں ورلڈ چیمپیئن سیباستیان فیٹل قبل ازیں ملائیشیا اور بحرین میں کامیاب رہے تھے اور کینیڈین گراں کی جیت ان کی تیسری فتح تھی۔ اتوار کی جیت کے نتیجے میں ڈرائیوروں کی اسٹینڈنگ میں ان کی سرفہرست پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی تھی۔ اس وقت وہ 157 پوائنٹس کے ساتھ اس پوزیشن پر ہیں جبکہ اسپین کے الانسو 123 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ لوٹس ٹیم کے فن لینڈ کے ڈرائیور رائیکونین تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کے پوائنٹس 116 ہیں جبکہ برطانوی ڈرائیور ہملٹن 99 پوائنٹس کےساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔